سعید اجمل کے ایکشن کی درستگی کیلئے لاہور میں کام کا آغاز ہو گیا

Saqlain Mushtaq

Saqlain Mushtaq

لاہور (جیوڈیسک) دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق نے پابندی کے شکار سعید اجمل کے ایکشن کی درستگی کیلئے لاہور میں کام کا آغاز کر دیا، کہتے ہیں ورلڈ کپ سے پہلے سعید اجمل کو ان ایکشن لانا ان کا ہدف ہے۔

ثقلین مشتاق پابندی کے شکار سعید اجمل کا متنازع باوٴلنگ ایکشن درست کرانے کیلئے ان ایکشن ہو گئے اور انہوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں سعید اجمل کے ایکشن کی درستگی پر کام شروع کر دیا ہے۔ ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ ان کے پاکستان آنے کا مقصد اجمل کے ایکشن کو ورلڈ کپ سے پہلے درست کرنا ہے۔

ثقلین مشتاق نے کہا کہ سعید اجمل کی محنت اور لگن سے لگتا ہے کہ وہ اپنا ایکشن درست کرلیں گے اور انٹرنیشنل کرکٹ میں کم بیک کریں گے۔ ثقلین نے اجمل کا ایکشن درست کرنے کا بیڑا تو اٹھا لیا ہے،ان کی محنت کتنی رنگ لائے گی اور کیا اجمل کرکٹ کے میدانوں میں کم بیک کریں گے یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا۔