سعید اجمل کے ایکشن میں بہتری آنے لگی، بورڈ کا دعویٰ

Saeed Ajmal

Saeed Ajmal

لاہور (جیوڈیسک) ثقلین مشتاق کی کوششیں رنگ لانے لگیں، پی سی بی نے دعویٰ کیا کہ سعید اجمل کے ایکشن میں بہتری آرہی ہے، ڈاکٹر سہیل سلیم کے مطابق ورلڈ کپ سے قبل اچھی خبر کی امید رکھنی چاہیے۔

سعید اجمل کا ایکشن کچھ عرصے قبل رپورٹ ہوا جس کے بعد انھیں پابندی کا سامنا کرنا پڑا، اب وہ سابق اسپنر ثقلین مشتاق کی رہنمائی میں بہتری کیلیے کوشش کر رہے ہیں،پی سی بی کے سینئر جنرل منیجر میڈیکل اور اسپورٹس سائنسز ڈاکٹر سہیل سلیم اس ٹیم میں شامل ہیں۔

جو ’’دوسرا‘‘ کے موجد ثقلین مشتاق کی رہنمائی میں سعید اجمل کا بولنگ ایکشن آئی سی سی قوانین کے تحت قانونی حد میں لانے کیلیے کام کررہی ہے،ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ سپورٹ اسٹاف دن میں 2 سیشنز کرتے ہوئے آف اسپنر کے مسائل کا حل تلاش کرنے کیلیے کوشاں ہے۔

ان کے ایکشن میں یقینی طور پر بہتری آرہی اورامید ہے کہ مستقبل کے حوالے سے اچھی خبر سننے کو ملے گی۔ دوسری جانب ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ ہارون رشید نے توقع ظاہر کی کہ بائیومکینکس لیب کی تنصیب کے بعد اس نوعیت کے مسائل کم ہوجائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ماضی میں معاملہ مسلسل نظر انداز کیے جانے کے سبب ملک میں مشکوک ایکشن کے حامل بولرز کی بھرمار ہوگئی، مستقبل کی پریشانیوں سے بچنے کیلیے کڑے فیصلوں کا وقت آگیا، نئے ٹیلنٹ کو ان مسائل سے دور رکھنے کیلیے خصوصی اقدامات کی ضرورت کے پیش نظر بائیو مکینکس لیب کو جلد از جلد فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

عمارت مکمل ہونے پر اس کی تنصیب اور بعد ازاں آپریشن کیلیے ملکی اور غیر ملکی ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی،امید ہے کہ ایشیا میں اپنی نوعیت کے دوسرے منصوبے کا آئی سی سی بھی خیرمقدم کریگی۔

ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا کہ غیر ملکی ماہرین کی مدد سے بہتری کا سفر کرتے ہوئے لیب کا کرکٹ کی عالمی باڈی سے الحاق کرانے کی کوشش کرینگے، یہ ہدف حاصل کرنے کے بعد ہمارے ماہرین اپنے طور پر امور سرانجام دیتے رہیں گے۔