لاہور (جیوڈیسک) ٹیسٹ کرکٹر سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کی رپورٹ اگلے دو سے تین دن میں آئے گی، ایکشن بہتر ہونے کی صورت میں سعید اجمل ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکیں گے۔ پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل غیر قانونی باولنگ ایکشن کی وجہ سے آئی سی سی کی جانب سے معطلی کا شکار ہیں۔
سعید اجمل کے بائولنگ ایکشن کی درستگی پر کام کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے آزادانہ بائیو مکینک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا۔ پیر کو سعید اجمل کا انگلینڈ کی لوف برا یونیورسٹی میں بائیو مکینک ٹیسٹ ہوا تھا ذرائع کے مطابق سعید اجمل کے بائیو مکینک ٹیسٹ کی رپورٹ اگلے دو سے تین روز میں آنے کا امکان ہے۔ سعید اجمل ان دنوں انگلینڈ میں ہی سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کے ساتھ ایک بار پھر بائولنگ ایکشن پر کام کر رہے ہیں۔
بائولنگ ایکشن مطلوبہ ڈگری میں آنے کی صورت میں وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لینے کے اہل ہو جائیں گے، جس کے بعد پی سی بی، آئی سی سی کو باضابطہ ری اسسمنٹ کے لیئے کہے گا۔