کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے عندیہ دیا ہے کہ بولنگ ایکشن غیر قانونی دینے جانے کے باعث پابندی کا شکار سعید اجمل ایکشن کی درستگی کے بعد دوبارہ ٹیسٹ دینے کے لیے تیار ہیں۔ چیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہر یار خان نے کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیعد اجمل کوپہلے غیر رسمی ٹیسٹ کے لیے بھیجا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سعید اجمل کا بولنگ ایکشن درست کرنے کے لے مقرر کئے گئے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق نے سیعد اجمل کے بولنگ ایکشن سے متعلق مثبت رپورٹ دی ہے جس میں انہوں کہا ہے کہ سعید اجمل نے آئی سی سی کی قانونی حد 15 ڈگری تک بازو لے جانے کے مطابق اپنا ایکشن درست کر لیا ہے اوروہ غیر رسمی ٹیست دینے کے لیے تیار ہیں۔
شہر یار خان کا کہنا تھا کہ اگر سعید اجمل غیر رسمی ٹیسٹ کلیئر کر لیتے ہیں تو بورڈ آئی سی سی سے سعید اجمل کا دوبارہ ٹیسٹ لینے کی درخواست کرے گا تاکہ وہ ورلڈ کپ تک پاکستانی ٹیم کو دستیاب ہو سکیں، اجمل کی ٹیم میں موجود گی سے ورلڈ کپ میں ہماری فتح کے امکانات بڑھ جائیں گے اس لیے بورڈ انہیں آئی سی سی سے کلیئر کرانے کے لیے ہر قانونی راستہ اختیار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلد انہیں غیر رسمی ٹیسٹ کے لیے آسٹریلیا بھیجا جائے گا یہاں موجود بائیو مکینکس لیب میں ان کا ٹیسٹ ہو گا۔
واضح رہے کہ سعید اجمل کا بولنگ ایکشن سری لنکا کے خلاف سیریز میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد ان کا آسٹریلیا میں موجود بائیو مکینکس لیب میں ٹیسٹ ہوا اور آئی سی سی نے ان کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دیتے ہوئے پابندی عائد کر دی تھی جب کہ پاکستان کرکٹ بورد نے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کو سعید اجمل کا بولنگ ایکشن درست کرنے کے لیے مختصر مدت کے لیے مقرر کیا تھا تاکہ ان کا بولنگ ایکشن ورلڈ کپ سے قبل درست کیا جا سکے۔