کراچی (جیوڈیسک) پاکستان ورلڈکپ سے قبل سعید اجمل کو کلیئر کرانے کیلیے پیسہ پانی کی طرح بہانے لگا، اسپنر کا ایکشن درست کرانے پر اب تک 30 لاکھ سے زائد رقم خرچ ہو چکی ہے۔
دوسری جانب فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے سے گریزاں سعید اجمل اب کلب میچ میں حصہ لے کر نئے ایکشن کی جانچ کرینگے، اس کے بعد انھیں غیر سرکاری ٹیسٹ کیلیے چنئی بھیجا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی کوشش ہے کہ ٹیم کو ورلڈکپ میں آف اسپنر سعید اجمل کا ساتھ حاصل ہو۔
ان کا ایکشن کلیئر کرانے کیلیے بھرپور وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں، اب تک 30 لاکھ سے زائد روپے خرچ ہوچکے، 10 لاکھ ثقلین مشتاق کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوئے جنھوں نے انگلینڈ سے آ کر سعید کے ایکشن کی درستگی پر کام کیا تھا۔
سعید اجمل کے لفبرا میں 2 بائیومکنیک ٹیسٹ پر 10لاکھ روپے اخراجات آئے، انھوں نے کارڈف جا کر بھی ماہرین سے رائے لی تھی، ان کا ایک ٹیسٹ آئی سی سی نے آسٹریلیا میں کرایا، دورئہ برطانیہ کے دوران سعید کو پی سی بی نے ریٹرن فضائی ٹکٹ و 150 ڈالر یومیہ کے حساب سے ادائیگی کی، ان کا قیام کسی دوست کے گھر رہا تھا۔ بورڈ کی خواہش تھی کہ سعید اجمل وطن آکر فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلیں مگر وہ اس سے گریزاں ہیں۔
اسپنر ڈیڑھ ہفتے ٹریننگ کے بعد کلب میچ میں حصہ لے کر فٹنس کا جائزہ لینگے، اس کے بعد ان کی کوشش ہو گی کہ ون ڈے ایونٹ میں حصہ لے کر نئے ایکشن سے بولنگ کی افادیت جانچیں،پھر پی سی بی انھیں چنئی کی لیب بھیجے گا جہاں کی فیس ساڑھے چار ہزار ڈالرز (ساڑھے چار لاکھ روپے) سے زائد ہے، اگر وہ اس غیرسرکاری ٹیسٹ میں کلیئر ہو گئے تو آئی سی سی سے بھی یہیں ٹیسٹ کی گذارش کی جائے گی۔