لاہور (جیوڈیسک) آف سپنر سعید اجمل کاؤنٹی کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی ناکام رہے، قومی ٹوئنٹی ٹی ٹورنامنٹ کے 4 میچز میں 121 رنز دے کر 62 کی اوسط سے صرف 2 وکٹ ہی حاصل کر سکے۔
آئی سی سی کی طرف سے عائد کی جانے والی پابندی ختم ہونے کے بعد سعید اجمل نئے ایکشن سے شائقین کو متاثر نہیں کر سکے ہیں، کاؤنٹی کرکٹ میں انہوں نے 50 سے زائد کی اوسط سے رنز دیئے، اب پی سی بی کے زیر اہتمام راولپنڈی اور اسلام آباد میں جاری قومی ٹوئنٹی20 ٹورنامنٹ میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔
سعید اجمل نے ایونٹ میں مجموعی طور پر4 میچز میں 124 رنز دے کر 62کی اوسط سے 2 وکٹیں حاصل کیں، 9 ستمبر کو پشاور کیخلاف شیڈول میچ میں 4 اوورز میں21 رنز دیئے، کوئی وکٹ حاصل نہیں کی۔
اگلے روز کراچی بلوز سے مقابلے میں4 اوورز میں 37 رنز دیئے اور ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا،11 ستمبر کو ایبٹ آباد کیخلاف میچ میں 4 اوورز میں39 رنز دیئے اور ایک وکٹ حاصل کی،12 ستمبر کو اسلام آباد کے خلاف میچ میں 4 اوورز میں 27 رنز دیے مگرانھیں کوئی کامیابی نصیب نہ ہوئی۔