کراچی (جیوڈیسک) سعید اجمل کے انٹرنیشنل کیریئر پر ’’فل اسٹاپ‘‘ لگ گیا، وہ ممکنہ طور پر زمبابوے کیخلاف ہوم سیریز میں حصہ نہیں لے سکیں گے، حکام نے انھیں کاؤنٹی کرکٹ کھیل کر فارم بحال کرنے کا مشورہ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
بولنگ ایکشن کی درستی کے بعد آف اسپنر سعید اجمل کو دورہ بنگلہ دیش کیلیے قومی اسکواڈ میں جگہ دی گئی، مگر ان میں ماضی جیسا دم خم نظر نہیں آیا، غیرموثر ثابت ہونے پر وہ پلیئنگ الیون سے بھی باہر ہو گئے، زمبابوے سے لاہور میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچز کے اسکواڈ میں سعید اجمل شامل نہیں ہوں گے۔
سعید اجمل کو مشورہ دیا جائے گا کہ وہ انگلش کائونٹی کرکٹ کھیل کر فارم بحال کرنے کی کوشش کریں، وہاں طویل بولنگ اسپیل انھیں نئی بولنگ ورائٹیز مہلک بنانے میں مدد دے سکتے ہیں، یاد رہے کہ اسپنر کا ووسٹر شائر سے معاہدہ ہے، گذشتہ سیزن انھوں نے 9میچز میں 63 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
انھیں بغیر ڈومیسٹک سیزن میں آزمائے قومی ٹیم میں شامل کرنے پر سلیکٹرز بھی تنقید کی زد میں آئے تھے، اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ چونکہ سعید 37سال کے ہو چکے اس لیے ان کے پاس اب کم وقت بچا ہے، اگر ایک سال فرسٹ کلاس سیزن کیلیے انتظار کیا جاتا تو شاید دیر ہو جاتی۔ اسے لیے انھیں براہ راست انٹرنیشنل کرکٹ میں بھیج کر اندازہ لگایا گیا کہ کتنا دم خم باقی ہے۔
دریں اثنا چیف سلیکٹر ہارون رشید پیر کی شب سری لنکا سے وطن واپس آ گئے، وہ وہاں اے ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے گئے تھے، سابق ٹیسٹ بیٹسمین دیگر سلیکٹرز کے ہمراہ منگل کو فیصل آباد جا رہے ہیں، جہاں ٹی ٹوئنٹی ایونٹ میں پلیئرز کی فارم اور فٹنس جان چی جائیگی۔