سعید اجمل کی کرکٹ میں واپسی ڈراؤنا خواب بن گئی

Saeed Ajmal

Saeed Ajmal

میر پور (جیوڈیسک) سعید اجمل کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ڈراؤنا خواب بن گئی، نئے ایکشن کے ساتھ پہلی آزمائش میں بری طرح ناکام ہوئے، کیریئر کی بدترین بولنگ کرتے ہوئے 74رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی،کوئی وکٹ بھی ہاتھ نہ آسکی۔

تفصیلات کے مطابق بولنگ ایکشن غیر قانونی قرار پانے کے باعث سعید اجمل گذشتہ سال ستمبر میں پابندی کا شکار ہوئے تھے، اس کے بعد انھوں نے سابق اسپنر ثقلین مشتاق کی مدد سے اصلاح پر کام کیا۔

پی سی بی نے انھیں ڈومیسٹک کرکٹ میں پریکٹس کا موقع دیے بغیر دورئہ بنگلہ دیش کیلیے تینوں فارمیٹ کی ٹیموں کا حصہ بنایا، مگر آف اسپنر کو8ماہ بعد اپنے پہلے ہی میچ میں بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

وہ 10 اوورز کے کوٹے میں 74 رنز دے کر سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے،اس دوران کوئی وکٹ بھی ہاتھ نہ آسکی، یہ سعید اجمل کے کیریئر کی سب سے بدترین بولنگ ہے، اس سے قبل مئی2013 میں آئرلینڈ کے خلاف انھوں نے 10 اوورز میں بغیر وکٹ کے71 رنز دیے تھے۔

سابق ون ڈے کپتان مصباح الحق انھیں طویل عرصے تک پاور پلے کے دوران کفایتی اور وکٹیں لینے والے بولر کے طور پر استعمال کرتے رہے لیکن بنگال ٹائیگرز نے ان کی خوب درگت بنائی۔

میزبان بیٹسمین ابتدا میں تو ان کے بڑے نام کا احترام کرتے رہے اور5اوورز میں صرف 11رنز بنائے، چھٹے میں14رنز دینے کے بعد سعید اجمل کی سیدھی گیندوں پر بڑی آسانی سے اسٹروکس لگنا شروع ہوگئے،اگلے اوورمیں18رنز کی پٹائی ہوئی تو انھیں بولنگ سے ہٹا دیا گیا،آخری اسپیل کے تین اوورز میں سعید اجمل نے بالترتیب 5،16اور 10 رنز دیے۔