کراچی (جیوڈیسک) سعید اجمل کے بعد آئی سی سی کا اگلا شکار محمد حفیظ ہو سکتے ہیں، آسٹریلیا سے سیریز میں آل راؤنڈر کے بولنگ ایکشن پر ایک بار پھر انگلیاں اٹھنے کے خدشات ظاہر کیے جانے لگے۔ تفصیلات کے مطابق نمبر ون اسپنر سعید اجمل پر پابندی نے بورڈ حکام کی نیندیں اڑا دیں، سب اسی کوشش میں مصروف ہیں کہ ورلڈ کپ سے قبل کسی طرح انھیں کلیئر کرایا جائے، البتہ یہ معاملہ اتنا سادہ نہیں ہے۔
آف اسپنر کی تمام ہی گیندوں پر اعتراض کیا گیا، اس کا مطلب یہ ہوا کہ ان کا مکمل ایکشن تبدیل کرانا ہوگا، اس کے بعد بھی وہ دباؤ کا شکار رہیں گے کہ کہیں دوبارہ رپورٹ نہ ہوجائے، ابھی یہ مشکل ختم نہیں ہوئی کہ ایک اور مسئلہ بھی پاکستان کا منتظر ہے، بورڈ کا تھنک ٹینک اس بات پر متفق ہے کہ آئی سی سی کے کریک ڈاؤن کی زد میں آنے والے اگلے پاکستانی بولر محمد حفیظ ہو سکتے ہیں، وہ پہلے بھی ایک بار رپورٹ ہو چکے۔
آسٹریلیا سے یو اے ای میں سیریز کے دوران مزید مسائل سامنے آ سکتے ہیں، پی سی بی نے اس حوالے سے حکمت عملی پر غور شروع کر دیا ہے۔ گذشتہ روز چیئرمین شہریار خان نے یہ ہوش اڑانے والا انکشاف کیا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں 35 بولرز کا ایکشن مشکوک ہے، اسی لیے اب بائیو مکینک لیب کو بھی فعال کرنے پر کام ہو رہا ہے۔
دریں اثنا گذشتہ روز لاہور میں پانچ رکنی غیر قانونی بولنگ ایکشن کی ریویو کمیٹی کا غیر رسمی اجلاس منعقد ہوا، اس موقع پر سعید اجمل کی کلیئرنس کے منصوبے پر بات کی گئی، کمیٹی نے اپنا آئندہ کا لائحہ عمل بھی طے کیا۔