کراچی (جیوڈیسک) پاکستان حکومت نے بدھ کو سندھ کے موجودہ گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کی جگہ نئے گورنر کی حیثیت سے جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کو مقرر کردیا گیا ہے۔ ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی بدھ کی رات جاری کردیا گیا۔
جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی سندھ کے 31 ویں گورنر ہوں گے جبکہ ان کی تعیناتی کے ساتھ ہی ڈاکٹر عشرت العبادخان کا طویل ترین گورنرشپ کا دور اپنے اختتام کو پہنچا ۔
عشرت العباد کو سابق صدر پرویز مشرف نے 27 دسمبر 2002 کو گورنر مقرر کیا تھا۔ اس طرح وہ تقریباً 14سال سے اس عہدے پر فائز رہے۔
سعید الزماں صدیقی کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ وزیر اعظم نواز شریف اور صدر ممنون حسین کے درمیان مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔
میڈیا نمائندوں نے جب سعید الزماں صدیقی سے تعیناتی کی تصدیق اور کراچی کے سب سے بڑے مسئلے کو حل کرنے کے حوالے سے پوچھا تو ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کراچی کا سب سے اہم مسئلہ ہے، اسی کے حل کو ترجیح دی جائے گی۔
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو ہٹائے جانے سے متعلق جسٹس سعید الزماں نے خیال ظاہر کیا کہ متحدہ قومی موومنٹ کا تنازع ہی وہ بڑی وجہ ہے جس کے باعث عشرت العباد کو ہٹایا گیا۔
وزیر اعظم کے ترجمان مصدق ملک کا موقف ہے کہ سعیدالزماں صدیقی کی تقرری آئین اورقانون کے مطابق کی جارہی ہے۔