اوصاف صفدر واہلہ کو ترقی ملنے کے بعد دوبارہ جھنگ میں ڈی ایس پی تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دیئے

جھنگ : آئی جی پولیس پنجاب خان بیگ نے طویل عرصہ سے جھنگ میں تعینات انسپکٹر اوصاف صفدر واہلہ کو ترقی ملنے کے بعد دوبارہ جھنگ میں ڈی ایس پی تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں اور انہیں ڈی ایس پی شورکوٹ سرکل مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیاگیاہے جبکہ ان کے پیش رو کو سنٹرل پولیس آفس لاہور رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ انسپکٹراوصاف صفدرواہلہ کئی سالوں سے ضلع جھنگ میں بطور انسپکٹر اپنے فرائض سر انجام دے رہے تھے جنہیں چند روز قبل ڈی ایس پی کے عہدہ پر ترقی دے کر سب ڈویژنل پولیس آفیسر آرگنائزڈ کرائم شیخوپورہ مقر ر کیاگیا تھا مگر وہ چند روز بعد ہی اپنا دوبارہ تبادلہ کروا کر جھنگ آنے اور شور کوٹ سرکل میں تعیناتی میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

یہاں یہ بات بھی قابل تذکرہ ہے کہ اہلیان جھنگ کی زبان زد عام ہے کہ یہاں ہر آنے والا افسرآتے ہوئے تو کتراتا ہے مگر یہاں آنے کے بعد اس کا جھنگ چھوڑ کر جانے کو دل نہیں کرتاجس کی بڑی وجہ یہاں کا سیاسی ومعاشی کلچر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جو بھی افسر یااہلکار ایک بار جھنگ آجائے وہ ترقی در ترقی کے باوجود بھی بار بار اپنا اثر ورسوخ استعمال کرکے جھنگ ہی رہنا پسند کرتاہے جس کی ایک مثال ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر جھنگ کی بھی ہے نیز دیگر تمام ادارے بھی ایسی ہی مثالوںسے بھرے پڑے ہیں جہاں بہتی گنگامیں ہاتھ دھونے والے افسران و اہلکار ترقیوں کے باوجود دوسرے شہروں میں جانے کی بجائے جھنگ میں ہی رہنے کو ترجیح دیتے ہیں حالانکہ ان کا آبائی تعلق بھی جھنگ سے نہ ہے۔