سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی) نے سہارا انشورنس کمپنی لمیٹڈ (ایس آئی سی ایل )کو پاکستان میں جنرل انشورنس کا لائسنس جاری کر دیا ہے۔
سہارا انشورنس کمپنی لمیٹڈ (ایس آئی سی ایل) ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن ( ای او بی آئی ) کی ذیلی کمپنی ہے ، ایس ای سی پی کیجاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ای او بی آئی کی ذیلی کمپنی کے طور پر سہارا انشورنس سماجی شعبے میں خدمات فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اس سلسلے میں ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن سے پنشن حاصل کرنے والے 60 سے 70 سال کی عمر کے افراد کو ہیلتھ انشورنس کی سہولت فراہم کی جائے گی، علاوہ ازیں بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانیوں کے لئے حادثاتی اموات اور جسمانی معذوری کی بیمہ پالیسی بھی فراہم کی جائے گی۔
بزرگ شہریوں کو ہیلتھ انشورنس کی بیمہ پالیسی فراہم کرنے کے لئے پالیسی کا مقررہ پریمئیم ای او بی آئی کے ورکرز ویلفئیر فنڈز سے فراہم کیا جائے گا جبکہ حادثاتی اموات اور جسمانی معذوری کی بیمہ پالیسی حاصل کرنے والے افراد پریمئیم کی ادائیگی براہ راست سہارا انشورنس کمپنی کو کریں گے۔
ایس ای سی پی نے آخری انشورنس کمپنی کا لائسنس 2009 میں ایک لائف انشورنس کمپنی کو جاری کیا تھا، نئے لائسنس کے اجرا کے بعد ملک میں جنرل انشورنس سے متعلقہ کمپنیوں کی تعداد 40 ہو گئی ہے۔