گوجرانوالہ (جی پی آئی) سنی اتحاد کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر بھارتی جارحیت کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا۔ تمام مساجد میں جمعة المبارک کے اجتماعات میں مذمتی قراردادیں منظور کرائی گئیں۔ جامع مسجد فاروقیہ میں میں بعد نماز جمعة المبارک احتجاجی جلسہ عام منعقد ہوا جس میں الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی، الحاج سرفراز احمد تارڑ، مفتی محمد حسین صدیقی، مفتی غلام نبی جماعتی، مولانا محمد خالد حسن مجددی، مولانا حافظ محمد منشاء قاری غلام سرور حیدری، قاری محمد اعظم چشتی، حافظ محمد رفیق قادری، حافظ محمد یعقوب فریدی اور دیگر نے خطاب کیا۔ مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا کہ بھارتی جارحیت خطے کو تباہی کی جانب دھکیل رہی ہے۔
موثر جواب دینے تک بھارت شرانگیزی سے باز نہیں آئے گا۔ حکمران بھارت سے دوستی کے دعوے چھوڑ کر دفاع کیلئے ٹھوس اقدامات کریں۔ بھارتی وزیراعظم کو آم اور ساڑھیاں بھیجنے والے حکمرانوں نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ قومی اسمبلی میں دیوالی کے موقع پر چھٹی کرکے اسلامی شعائر کا مذاق اڑایا ہے جو محب وطن قوتوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ حکومت نے بھارت کو نوازنے کی ٹھانی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بھارتی جارحیت کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اس کی دھشت گردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرے۔