ساہیوال واقعہ میں جس سفاکیت سے معصوم بچوں کے سامنے ان کے والدین کا قتل عام کیا گیا یہ بذات خود بھیانک دہشت گردی ہے جو کسی مہذب معاشرے میں پولیس کے فرائض کی انجام دہی کے نام پر کسی طور قابل قبول نہیں۔ سی ٹی ڈی کی جانب سے کامیاب کارروائی کا اعلان نااہلی کا ایک اور ثبوت ہے جہاں پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ 14سالہ معصوم بچی کو مارنے کے بعد پولیس کا دعویٰ ہے کہ کامیاب آپریشن کے بعد دہشت گرد کو ہلاک کردیا۔ جبکہ میڈیا اطلاعات کے مطابق شواہد اور تحقیقات کے بعد داعش رہنمائوں کی گرفتاری کے لئے مبینہ پولیس مقابلے کی سی ٹی ڈی کی کہانی جھوٹ کا پلندہ ہے ، اوریہ انکشاف بھی سامنا آیا کہ پولیس نے کرائم سین کو محفوظ کرنے کیلئے کوئی کام نہیں کیا۔ اس سنگین غفلت کا وزیراعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے واقعے میں ملوث سی ٹی ڈی اہل کاروں کو حراست میں لینے کاحکم دیا اور واقعے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنادی گئی جو تین دن میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی،ساہیوال واقعے کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں آئی ایس آئی، ایم آئی اورآئی بی کے افسران بھی شامل ہوں گے۔
ساہیوال میں پولیس مقابلے کے نام پر بے دردی سے قتل ہونے والے چار شہریوں کے واقعے نے ثابت کردیا ہے کہ پولیس اصلاحات کے بلند و بانگ دعوے صرف دعوے ہیں اور پولیس کا پرانا طرز بربریت اپنی جگہ موجود ہے۔ سی ٹی ڈی کی جانب سے بغیرتصدیق کاروائی کرتے ہوئے ایک خاندان کے افراد کو معصوم بچوں کے سامنے فائرنگ کرکے قتل کردینا یقیناسنگین مجرمانہ فعل ہے۔اس واقعہ کے بعدمعصوم بچوں پرکیا بیت رہی ہوگی؟ ان کے سامنے والدین کا قتل نہ صرف ایک ڈرائونا خواب بنا رہے گا، بلکہ ان کی پوری زندگی نفسیاتی کشمکش میں گزرے گی،ایسے معصوم نونہال جن کے سامنے ان کے والدین کو قتل کیا گیا اور پھر ان کو زخمی حالت میں ایک پٹرول پمپ پر چھوڑدیا گیا، اس سے بھی بڑھ کر سی ٹی ڈی نے ان افراد کو قتل کرنے کے بعد دہشتگرد ٹھہرانے کی کوشش ہی نہیں کی بلکہ اپنی رپورٹ میں کالعدم دہشتگرد تنظیم داعش سے تعلق بھی جوڑ دیا۔سی ٹی ڈی نے مزید قرار دیا کہ یہ دہشتگردسابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے اور امریکی شہری وارن اسٹائن کے اغواء میںبھی ملوث تھے۔تاہم سی ٹی ڈی کی کارروائی کا پول اس وقت کھلا جب عینی شاہدین نے مجرمانہ آپریشن سے پردہ اٹھایا اور جاں بحق افراد کے ورثاء نے فیروزپورروڈ لاہور میںبھرپور احتجاج کیا،اس موقع پر اہل علاقے نے میڈیا کوبتایا کہ جاں بحق افراد بے گناہ ہیںہم ان کو جانتے ہیںوہ یہاں 35برس سے رہائش پذیر ہیں۔
ساہیوال واقعہ یقینا ایک عام واقعہ نہیں ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کو اسی تک محدود رکھا جائے۔بلکہ یہ واقعہ کئی سوالات کو بھی جنم دے رہا ہے کہ سی ٹی ڈی کی ماضی میں دہشتگردوں کیخلاف کی جانیوالی کاروائیاں حقیقت تھیں یا ان میں بھی معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا گیااور پھر دہشتگرد بنا کرقوم کے سامنے پیش کردیا گیا۔ انسانی حقوق حقوق کمیشن پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق یکم جنوری2014ء سے 11مئی 2018ء تک مجموعی طو رپر2117پولیس مقابلے ہوئے جس میں 3,345افراد پولیس مقابلوں میں مارے جاچکے ہیں، جن میں23خواتین،12بچے بھی شامل ہیں۔ ساہیوال واقعہ پر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر ان افراد پر دہشت گردی کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا تو پولیس مقابلہ ہی کیوں ضروری سمجھا گیا انہیں زندہ گرفتار کرنے کی کوشش کیوں نہ کی گئی جبکہ ان کی جانب سے کسی قسم کی فائرنگ اور مزاہمت بھی نہ کی گئی تھی ۔ کراچی میں ایس ایس پی ملیر راؤانوار کے ہاتھوں مارے جانے والے نقیب اللہ کے قتل کے بعد حکومت پر سوالیہ نشان بنانے والا یہ دوسرا سنگین واقعہ ہے۔
ساہیوال واقعہ میں 14سالہ اریبہ کا قتل بذات خودبڑا ظلم ہے لیکن ظلم کی انتہا تو یہ ہے کہ اس کومارنے کے بعد دہشت گرد بھی قرار دے دیا گیا۔ حکومت پنجاب کی جانب سے پولیس کلچرمیں تبدیلی کا اعلان کئی مرتبہ کیاگیا ہے، پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں، مراعات اور تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے، ان کے لئے سازوسامان اور گاڑیاں بڑھائی گئی ہیں لیکن نتیجہ ابھی تک صفر ہے۔ پولیس کا اصل کام تو عوام میں تحفظ کا احساس پیدا کرنا تھا، بدقسمتی سے اس اہم ادارے نے عوام میں عدم تحفظ کا احساس اس حد تک پروان چڑھا دیا ہے کہ شہری پولیس وردی میں ملبوس رضا کار کو دیکھ کر سہم جاتے ہیں۔
ناکوں پر شہریوں کو تنگ کیا جاتا ہے،شہریوں سے رقوم بٹورنے کے لئے مختلف حربے استعمال کیے جاتے ہیں، جامہ تلاشی ، موٹر گاڑیوں کے کاغذات اور ڈرائیونگ لائسنس کی پڑتال کے دوران شہریوں کو زد و کوب کیا جانا معمول کی بات ہے، جس سے بچنے کے لیے بعض شہری ناکے پر نہیں رکتے اور فرار کی کوشش کرتے ہیں۔ وزیر اعظم پولیس کے نظام میں اصلاحات اور پولیس کلچر کو تبدیل کرنے کی خواہش رکھتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ فوری پولیس اصلاحات کی جائیں تاکہ شہریوں کا پولیس پر اعتماد بڑھے۔حکومت کو یاد رکھنا چاہیے کہ ساہیوال واقعہ کی انکوائری کا حال بھی رائو انوار کیس کی طرح نہ ہو ،اگر راؤ انوار کا مقدمہ منطقی انجام تک پہنچ جاتا تو شائد یہ واقعہ پیش نہ آتا۔ حکومت اس واقعہ کی جامع تحقیقات کرکے جلد حقائق قوم کے سامنے لائے، اوربربریت کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائے تاکہ مستقبل میں ایسے سنگدلانہ سانحات کا مستقل سدباب ہو سکے۔
Rana Aijaz Hussain
تحریر : رانا اعجاز حسین چوہان
ای میل:ranaaijazmul@gmail.com رابطہ نمبر:03009230033