ساہیوال (جیوڈیسک) ساہی وال میں پسند کی شادی کرنے پر فرزانہ کو قتل کرنے والے اس کے دو رشتے داروں اور شوہر کو گرفتار کرلیا گیاہے۔ مقدمے میں نامزد چوتھا ملزم مفرور ہے۔
ڈی پی او ساہی وال خرم علی کے مطابق گرفتار ملزموں میں فرزانہ کا شوہر شبیر، بہنوئی فلک شیر اور ماموں نوراحمد شامل ہیں۔ چوتھا ملزم اللہ دتہ اب تک فرار ہے۔ کچھ عرصہ پہلے فرزانہ نے پسند کی شادی کی لیکن خاندانی دشمنی بڑھنے کے پیش نظر پنچایت نے زبردستی میاں بیوی کی طلاق کرادی تھی۔ لڑکی کی جان کو لاحق خطرات کے باعث عدالت نے اسے دارالامان بھجوادیا۔
فرزانہ کے گھر والے تحفظ کا جھانسا دے کر اسے گھر لائے اور گیارہ مئی کو اس کے بہنوئی اور ماموں نے کلہاڑیاں اور گولیاں مار کر اسے قتل کردیا۔ ڈی پی او کے مطابق فرزانہ کے شوہر شبیر نے بھی اسے دارالامان سے گھر بھجوانے میں اْس کے اہل خانہ کی مدد کی تھی اس لیے شبیر کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔