ساہیوال (جیوڈیسک) ساہیوال میں اشتہاریوں اور ان کے گھر والوں نے گرفتاری کیلئے آنے والی پولیس پارٹی پر حملہ کر کے سب انسپکٹر سمیت 3 اہل کاروں کو زخمی کر دیا۔
اشتہاریوں نے 2 پولیس اہلکاروں کو یرغمال بھی بنا لیا۔ پولیس کی بھاری نفری نے یرغمال اہل کاروں کو بازیاب کرا کر 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ ساہیوال پولیس کے مطابق دکانوں اور اسٹورز سے قیمتی سامان لوٹنے والے 4 افراد کی کارکو ناکے پر روکا گیا، تو 2 ملزم فرار ہو گئے۔
پولیس نے 2 ملزموں کو پکڑ لیا، جن کی نشاندہی پر پولیس موضع 92 نائن ایل میں چھاپا مارنے گئی۔ اس دوران اشتہاریوں اور ان کے ساتھی مرد و خواتین نے پولیس پارٹی پر ڈنڈوں اور سوٹوں سے حملہ کر دیا، جس سے سب انسپکٹر سمیت 3اہل کار زخمی ہو گئے۔
اشتہاریوں نے 2 اہلکاروں کو یرغمال بھی بنا لیا، بعد میں پولیس کی بھاری نفری نے یرغمال پولیس اہلکاروں کو بازیاب کر کے 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے 50 سے زائد افراد کےخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔