ساہیوال زیادتی کیس؛ مجرمانہ غفلت پر ڈی ایس پی اور ایس ایچ او معطل

Sahiwal

Sahiwal

ساہیوال (جیوڈیسک) وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے ڈیڑھ ماہ قبل زیادتی کا شکار ہونے والی یتیم لڑکی کے کیس میں ناقص تفتیش اور ملزمان کو تاحال گرفتار نہ کرنے پر ڈی ایس پی، ایس ایچ او اور تفتیشی افسر کو معطل کر دیا ہے۔ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا ساہیوال کے نواحی علاقے چک نمبر 81 پانچ ب میں متاثرہ خاندان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یتیم لڑکی سے زیادتی انتہائی افسوسناک اور سفاکانہ فعل ہے، پولیس مقدمے کی تفتیش میں بری طرح ناکام رہی، ناقص تفتیش پر متعلقہ ڈی ایس پی، ایس ایچ او اور تفتیشی افسر کو معطل کر دیا ہے۔

وزیراعلی پنجاب نے آئی جی پنجاب، ڈی پی او اور آر پی او ساہیوال کو حکم دیا جائے کہ 48 گھنٹوں کے اندر تمام ملزمان گرفتار کیا جائے، 4 روز کے اندر مقدمہ کا چالان انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے اور جج صاحب سے درخواست کی جائے کہ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے تا کہ ملزمان کو جلد از جلد عبرت ناک سزا دی جا سکے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس سے بہتر تو انگریز کا زمانہ تھا کہ جب پولیس والے گھوڑے پر آ کر حالات و واقعات کا جائزہ لیتے تھے اور لوگوں کو انصاف فراہم کرتے تھے لیکن آج تمام تر سہولیات ہونے کے با وجود پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، پولیس کی کمزوری کو دور کرنے کی کوشش کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔