سیف علی کو بھارتی شہریت کے متنازع قانون پر لاعلمی کا ڈھونگ مہنگا پڑ گیا

Saif Ali Khan

Saif Ali Khan

ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بالی ووڈ کے نواب کہلائے جانے والے اداکار سیف علی خان نے بھارت کی موجودہ صورتحال اور شہریت کے متنازع قانون پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی وہ بھارت کی موجودہ صورتحال کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بھارتی حکومت ان دنوں مسلم مخالف شہریت کے متنازع قانون کے نفاذ کے باعث شدید تنقید کی زد میں ہے اورپورے بھارت میں اس قانون کے خلاف مظاہرے اوراحتجاج جاری ہیں۔ تینوں خانز کے علاوہ پوری بالی ووڈ انڈسٹری متنازع قانون کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے۔ تاہم بالی ووڈ کے نواب سیف علی خان کا کہنا ہے کہ بھارت میں اس وقت کیا ہورہا ہے انہیں اس بارے میں ابھی واضح علم نہیں ہے۔

حال ہی میں جب سیف علی خان سے ایک انٹرویوکے دوران شہریت کے متنازع قانون اورمظاہروں سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہرکسی کو حق ہے کہ وہ کسی بھی معاملے پراپنی رائے کا اظہارکرے یا نہ کرے۔ انہوں نے کہا وہ فی الحال صورتحال کو سمجھنے کی کوشش کررہے ہیں اور جب وہ اس معاملے کے بارے میں پوری طرح آگاہ ہوجائیں گے تو وہ اپنا ذہن بنائیں گے۔

سیف علی خان نے کہا کہ کسی بھی طرح کے احتجاج سے خود کوجوڑنے سے پہلے میں جاننا چاہوں گا کہ میں دراصل کس چیزکے خلاف احتجاج کررہا ہوں۔ ابھی مجھے اس معاملے پرمزید سوچنے کی ضرورت ہے۔ میڈیا میں اس حوالے سے بہت کچھ لکھا جارہا ہے جوہمیں تشویش میں مبتلا کردیتا ہے کہ ہم کیا پڑھ رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پرسیف علی خان کو بھارت کی موجودہ صورتحال پر لاعلمی کا ڈھونگ کرنے پرشدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ لوگ ان پرطنز کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ٹی وی اسکرین پر پراعتماد نظرآنے والے سیف علی خان حقیقت میں بالکل برعکس ہیں۔

پاکستانی اداکارشان شاہد نے سیف علی خان کے بیان پرایک تصویرکے ذریعے تنقید کی۔ تصویرمیں ایک خاتون کے منہ پرایک تتلی بیٹھی ہوئی ہے۔ جو دراصل اس آواز کو خاموش کرنے کی علامت کو ظاہر کررہی ہے۔

اسفندیارنامی ٹوئٹرصارف نے سیف علی خان کی دوغلی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے کہا اگرسیف علی خان کے جملوں کا ترجمہ کیا جائے تو وہ کہنا چاہ رہے ہیں ’’آوازاٹھانے کا مت کہو میرے ہندو توا مداح گھرمیں گھس کے ماریں گے مجھے۔‘‘ایک اور صارف نے لکھا نواب بچ کر کھیل رہے ہیں۔

واضح رہے کہ جہاں بالی ووڈ کے بڑے بڑے اداکار ہرتھیک روشن، جاوید جعفری، پرینیتی چوپڑا اور سوارا بھاسکرسمیت متعدد اداکارمتنازع شہریت کے قانون پراپنی آواز بلند کررہے ہیں وہیں بالی ووڈ کے سپر اسٹارز شاہ رخ، سلمان، عامر اورسیف علی خان کی خاموشی ان کے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کررہی ہے۔