ساجد قریشی کا قتل : متحدہ کا 3 روزہ سوگ، آج کاروبار بند رکھنے کی اپیل

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی ایم کیوایم نے رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی کے قتل کے خلاف سندھ بھر میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے آج کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند رکھنے کی اپیل کی ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ نے رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی کے بیٹے سمیت قتل کے خلاف سندھ بھر میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

ایم کیو ایم کے مطابق مقتول ایم پی اے ساجد قریشی کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر جناح گراونڈ عزیزآباد اور تدفین شہدا قبرستان یاسین آباد میں کی جائے گی۔ رابطہ کمیٹی نے 3 روزہ سوگ کے اعلان کے ساتھ صرف کل کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند رکھنے کی اپیل کی ہے۔ افسوس ناک واقعے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کی اطلاعات بھی موصول ہوئی۔ وفاقی جامعہ اردو، جناح یونیورسٹی اور سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے تحت ہفتہ 22 جون کوہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں، تعلیمی اداروں کی جانب سے نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

دوسری جانب سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی حالات کشیدہ ہیں، حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد نے فائرنگ اور جلاو گھیراو کیا، گولیاں لگنے سے 2 افراد زخمی بھی ہوگئے۔ ٹنڈوالہ یاراور میرپور خاص کے مختلف علاقوں میں بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے د کانیں اور کاروباری مراکز بند کرا دیے۔ اور سڑکوں پر ٹائر بھی جلائے۔ ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن میرپور خاص نے ہفتہ کو گاڑیاں بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔