لندن (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف نے کارکن سلامت علی خان کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے سلامت علی کے قتل کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایک بیان میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے ایم کیو ایم کے کارکن سلامت علی خان کے قتل کی مذمت کی ہے اور صدر، وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سلامت علی خان کے بہیمانہ قتل کا فوری نوٹس لیا جائے۔
الطاف حسین نے کہا کہ شہر میں ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود جرائم پیشہ دہشت گرد کھلے عام ایم کیو ایم کے کارکنان اور ہمدردوں کو اغواء کر کے قتل وغارت گری کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
جبکہ پولیس و انتظامیہ ان جرائم پیشہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے بجائے ایم کیو ایم کے بے گناہ کارکنان کو گرفتار کر کے انہیں انسانیت سوز تشدد کے بعد ماورائے عدالت قتل بھی کر رہی ہیں۔