اسلام آباد (جیوڈیسک) تنخوا دار طبقے کو ٹیکس جمع کرانے کے لئے صرف پانچ روز کی مہلت، ایف بی آر نے انکم ٹیکس ریٹرن فارم جاری کر دیا۔ عوام ہو جائیں تیار، وقت کم اور مقابلہ سخت ہے۔
ٹیکس ریٹرن جمع کرانے میں صرف 5 روز باقی ہیں، ایف بی آر نے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کے لئے نئے فارم کا اجراء کر دیا ہے، مگر تنخواہ دار طبقے کو 31 اگست تک اپنا ٹیکس ریٹرن فائل کرنا ہوگا۔
بصورت دیگر نان فائلر کی فہرست میں شمار ہوسکتا ہے اور پراپرٹی ، گاڑی کی خریداری سمیت بینکنگ ٹرانزیکشن پر اضافی پیسے خرچ کرنے پڑیں گے۔
ماہرین کے مطابق اتنے کم وقت میں آن لائن ٹیکس فائل کرنے کے خواہش مند حضرات کو ایف بی آر کی ویب سائٹ پر رش ہونے کے باعث کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے
جبکہ کئی افراد حج کی ادائیگی کے باعث ملک میں موجود ہی نہیں ہونگے ۔ اس لئے نا چاہتے ہوئے بھی حکومت کو ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں توسیع کرنا پڑے گی۔
دوسری جانب کمپنیاں انکم ٹیکس ریٹرن 31 دسمبر تک جمع کرانے کی پابند ہوں گی۔