راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی میٹرو بس کے ڈرائیورز نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف ہڑتال کر دی، جڑواں شہروں میں بس سروس کئی گھنٹے معطل رہی۔
راولپنڈی میٹرو بس کو شائد کسی کی نظر لگ گئی ، کبھی بارش کے باعث سٹیشنز اور انڈر پاسز پانی سے بھر جاتے ہیں تو کبھی بس ڈرائیور ہی بسیں چلانے سے انکار کر دیتے ہیں۔
آج جڑواں شہروں کے درمیان چلنے والی میٹرو بس کا پہیہ اس وقت رک گیا جب ڈرائیورز نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ہڑتال کر دی ۔ جڑواں شہروں میں چلنے والی سڑسٹھ بسوں کے ڈرائیوروں کا موقف تھا کہ عید الفطر میں چند روز باقی ہیں مگر انہیں ابھی تک تنخواہ نہیں ملی۔
میٹرو بس سروس معطل ہونے سے دونوں شہروں کے درمیان سفر کرنے والوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ روزے کی حالت میں شہری گھنٹوں سٹیشنز پر کھڑے میٹرو بس کا انتظار کرتے رہے۔
ہڑتال کے بعد میٹرو بس کی انتظامیہ حرکت میں آئی اور ڈرائیورز کو تنخواہوں کی ادائیگی کی یقین دہانی کرا دی جس کے بعد میٹرو بس ایک بار پھر راولپنڈی اسلام آباد کی سڑکوں پر دوڑنے لگی۔