تنخواہوں سے محروم ٹی ایم اے ملازمین بپھر گئے، تالہ بندی، روڈ بلاک کر کے احتجاج

Protests

Protests

سرگودھا (جیوڈیسک) تین ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ٹی ایم اے کے سیکڑوں مردو خواتین ملازمین نے علی الصبح سرکاری عمارت کی تالہ بندی کرتے ہوئے شاہین چوک روڈ مکمل طور پر بلاک کر کے شدید احتجاج کیا، مظاہرین نے سینہ کوبی کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایڈمنسٹریٹر بہتری کیلئے سنجیدہ ہیں مگر نچلا عملہ و افسران اس کیلئے تیار نہیں۔ ٹی ایم اے میں کرپشن کے باعث ہم تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔

بجلی و گیس کے بلوں کی عدم ادائیگی سے ہمارے کنکشن منقطع ہو گئے اور گھروں میں فاقہ کشی ہے، ہمارا کیا قصور ہے ؟اگر ہر ماہ کی پانچ تاریخ تک تنخواہیں نہ دی گئیں تو اوور ہیڈ برج پر چڑھ کر بچوں سمیت چھلانگیں لگا دیں گے۔

دوسری طرف ایڈمنسٹریٹر سرگودھا نے انسپکٹر جاوید خان کو ملازمین سے پیسے لینے کے الزام پر فوری طور پر معطل کردیا ٹی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے ماہانہ گرانٹس منتقل نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات در پیش ہیں، تین دن میں مسئلہ حل ہو نے کی امید ہے۔