فیصل آباد کی خبریں

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں کڈنی سنٹر کے قیام کے منصوبے میں پیش رفت، مریضوں کو عنقریب جدید طبی سہولیتں میسر آئیں گی

فیصل آباد (ایچ ایس این)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں کڈنی سنٹر کے قیام کے منصوبے میں پیش رفت جاری ہے جس کی بدولت گردے و مثانے کے مریضوں کو عنقریب جدید طبی سہولیتں میسر آئیں گی۔ کڈنی سنٹر کے لیے دستیاب وسائل کے علاوہ طبی مشین کی فراہمی کے لیے کمیونٹی کی بھی معاونت حاصل ہے جس میں صنعتکاروتاجر برادری خصوصی دلچسپی لے رہی ہے یہی وجہ ہے کہ ایوان صنعت و تجارت کے نمائندہ وفد کی وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے لاہور میں ملاقات کے بعد حکومت پنجاب کی طرف سے صوبائی وزراء اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز پر مشتمل اعلیٰ سطحی ٹیم نے فیصل آباد کا دورہ کر کے مختلف عوامی مسائل اور صنعتکاروں کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیا تھا۔ اس اجلاس کے دوران کڈنی سنٹر کے قیام کے منصوبے پر بھی غورو خوض کیا گیا جس کے نتیجہ میں حکومت پنجاب نے اجلاس کی کارروائی کو منظور کرتے ہوئے کڈنی سنٹر کے منصوبے کو آگے بڑھانے کا عندیہ دیا ہے۔
——————————–
—————————–
سیلزٹیکس، ہوٹلز، کورئیر، کنسٹرکشن، بیوٹی پارلرز، پراپرٹی ڈیلرز، انشورنس، سٹاک بروکرز، ایڈورٹائزمنٹ، کیبل، کسٹم ایجنٹس، کلینکس، رینٹ کار، ڈیلرز، سیکورٹی کمپنیز، ٹول مینوفیکچرنگ، انٹرنیشنل ان کمنگ کالز، آرکیٹیکٹ، فیشن ڈیزائنرز، شیئرٹرانسفرایجنٹس، ودیگر سروسز ٹیکس میں شامل

فیصل آباد (ایچ ایس این) پنجاب ریونیو اتھارٹی کے زیراہتمام مختلف سروسز پر سیلز ٹیکس کی وصولی کے لئے پیشرفت کی جارہی ہے جس کے لئے صوبائی سیلز ٹیکس کے نظام پر عملدرآمد کے سلسلے میںاسسٹنٹ کمشنرز کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔یہ بات پنجاب ریونیواتھارٹی کے ایڈیشنل کمشنر(انفورسمنٹ)شہزاد محمود گوندل نے کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس میں بتائی جس میں ڈی سی اوجھنگ، چنیوٹ راجہ عمرشہزاد، ڈاکٹرارشاد احمد، ایڈیشنل کمشنر ریونیو ملک صلاح الدین، اسسٹنٹ کمشنر(جنرل) مہر شفقت اللہ مشتاق کے علاوہ چاروں اضلاع کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ایڈیشنل کمشنر انفورسمنٹ نے بتایا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد صوبوں کو مختلف ٹیکسزکے نفاذ کا حق ملا ہے جس کے تحت حکومت پنجاب نے جولائی 2012ء میں پنجاب ریونیواتھارٹی کے قیام کاقانون پاس کرکے بالواسطہ مختلف سروسز پر سیلز ٹیکس لگایا ہے اور اب تک مختلف سروسز کوسیلز ٹیکس کے زمرے میں لایا گیا ہے جن میں ہوٹلز، ریسٹورنٹ، کلبز، کیٹررز، میرج ہالز، کورئیر، کنسٹرکشن سروسز، بیوٹی پارلرز، پراپرٹی ڈیلرز، انشورنس، سٹاک بروکرز،الیکٹرانک میڈیا ایڈورٹائزمنٹ بشمول کیبل،کسٹم ایجنٹس،کلینکس،رینٹ اے کار،کارڈیلرز،سیکورٹی کمپنیز، ٹول مینوفیکچرنگ، فارن ایکسچینج، ٹورآپریٹرز، انٹرنیشنل ان کمنگ کالز، آرکیٹیکٹ ،فیشن ڈیزائنرز، بزنس سپورٹ سروسز، شیئر ٹرانسفر ایجنٹس، پورٹ سروسز ودیگر سروسز شامل ہیں۔انہوں نے سیلزٹیکس کی وصولی کے لئے دائرہ اختیار،رجسٹریشن کے طریقہ کار، بقایا جات کی ریکوری اور دیگر متعلقہ امور سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ سیلز ٹیکس کے نفاذ کے دائرہ اختیار، وصولی کے طریقہ کار اوردیگرضروری امور کے بارے میں متعلقہ افسران کی ٹریننگ کا بھی بندوبست کیا جارہا ہے۔اجلاس کے دوران شرکاء میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ڈھانچے کی تفصیلات اورسیلز ٹیکس قوانین پر مشتمل بکس تقسیم کی گئیں۔
——————————–
—————————–
ایمرجنسی اداروں کی کارکردگی کو چیک کرنے کے لئے ، سوئی گیس دفترسرگودھا روڈ میں، موک ایکسر
ایس ایچ او تھانہ نشاط آباد،ایلیٹ فورس وسپیشل برانچ کا عملہ سراغ رساں کتوں کے ہمراہ جائے وقوع پر سب سے پہلے پہنچا

فیصل آباد (ایچ ایس این)ضلعی محکمہ سول ڈیفنس کے زیراہتمام ایمرجنسی اداروں کی کارکردگی کو چیک کرنے کے لئے موک ایکسرسائز سوئی گیس دفترسرگودھا روڈ میں منعقد ہوئی جس میں فرضی دھماکہ کرکے امدادی کارروائیوں کے لئے مختلف ایمرجنسی محکموں کا رد عمل ٹائم نوٹ کیا گیا۔ڈی او بلڈنگز عبدالخالق،ڈی اوفنانس محمد انوراورایڈمن آفیسر ڈی سی او آفس ریاض حسین انجم نے موک ایکسرسائز کی نگرانی کی جبکہ ڈی او سول ڈیفنس چوہدری اصغر علی کے علاوہ دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔موک ایکسرسائز میں ایس ایچ او تھانہ نشاط آباد،ایلیٹ فورس وسپیشل برانچ کا عملہ سراغ رساں کتوں کے ہمراہ جائے وقوع پر سب سے پہلے پہنچا۔سول ڈیفنس بم ڈسپوزل سکوارڈ کو جائے حادثہ اور اس سے ملحقہ جگہ کی سکریننگ کے دوران ایک ہینڈ گرنیڈ ملا جسکو عملہ نے ناکارہ بنادیا۔فائربریگیڈ اور فائر سروسز کی گاڑیوں نے آگ بجھانے کا عملی مظاہرہ کیاجبکہ فیسکو اور سوئی گیس نے کنکشنز بحال کئے۔مشاہداتی افسران کے مطابق ایمرجنسی اداروں کا رسپانس ٹائم دو سے 10منٹ تھا۔
——————————–
—————————–
سٹی ٹریفک پولیس کی طرف سے تجاویز اور ٹریفک مسائل کے اندارج کے لئے سینٹرزقائم کردئیے گئے ہیں، چیف ٹریفک آفیسر عمران کشور

فیصل آباد (ایچ ایس این)سٹی ٹریفک پولیس کی طرف سے تجاویز اور ٹریفک مسائل کے اندارج کے لئے سینٹرزقائم کردئیے گئے ہیں شہری دل کھول کر ٹریفک مسائل اور تجاویز درج کروائیں جن پر بھرپور اور فوری عملدرآمد کیا جائے گا۔عوامی آراء ٹریفک پولیس کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ان خیالات کا اظہار چیف ٹریفک آفیسر عمران کشور نے کیمپس کے افتتاح کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک بہائو کی بہتری اور ٹریفک مسائل کوشہریوں کے نقطہ نظر سے جاننے کے لئے ایسے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس عوام دوست اقدامات کرنے میں مصروف عمل ہے جس کا منہ بولتا ثبوت یہ کیمپس ہیں۔تفصیلات کے مطابق ابتدائی طور پریہ کیمپس زرعی یونیورسٹی چوک اور گھنٹہ گھر میں لگائے گئے ہیں جن پر شہریوں نے پہلے روز ہی بھرپورتجاویز درج کروائی ہیں۔سی ٹی او نے نہ صرف ان تمام تجاویز کا ذاتی طور پر جائزہ لیا بلکہ ان پر فوری متعدد احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ان کیمپس پر مخصوص قسم کے پرفارمے رکھے گئے ہیں جن پر شہریوں کے نام،موبائل نمبرز اور تجاویز/شکایات کے کالم بنائے گئے ہیں جن پر شہری خود تجاویز درج کررہے ہیں۔ان تمام اندراجات کا روزانہ کی بنیاد پر مطالعہ اور ایکشن لیا جارہا ہے ۔سی ٹی او نے امید ظاہر کی ہے کہ شہری ان کیمپس میں بھرپور تجاویز آئندہ بھی درج کروائیں گے اور اس سے ٹریفک نظام میں مثبت تبدیلی لائی جاسکے گی۔
——————————–
—————————–
مضر صحت اور زائد قیمت پر گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کے خلاف کارروائی،74ہزارروپے جرمانہ

فیصل آباد (ایچ ایس این)مذبحہ خانہ کے باہر جانورذبحہ کرنے،مضر صحت اورزائد قیمت پرگوشت فروخت کرنے والے قصابوں کے خلاف بھرپور کارروائی ، ڈی او لائیوسٹاک ڈاکٹرحیدر علی خاں،اسسٹنٹ کمشنرزانڈرٹرینرز فرح دیبہ،عفت النساء اور سنبھل پر مشتمل خصوصی ٹیم نے پولیس فورس کے ہمراہ مختلف مقامات پر قصابوں کی دکانوں کو چیک کرتے ہوئے مجموعی طور پر16قصابوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جن میں 13کو74ہزارروپے جرمانہ اور3کومضر صحت گوشت فروخت کرنے پر گرفتارکرکے حوالہ پولیس اور ان کے قبضہ سے 400 کلوگرام گوشت قبضہ میں لے کر تلف کردیا۔تفصیلات کے مطابق ڈی ٹائپ کے قصاب گلزار، امجد اور ککوانہ پلی کے علی حسن کو حفظان صحت کے اصولوں کے برخلاف گوشت فروخت کرنے پر گرفتار جبکہ ڈی ٹائپ کے قصاب محمد سلیم،شہزاد،عقیل،ستیانہ روڈ کے محمد اسلم،عبدالستار،محمد ارشد،غلام مصطفیٰ،مدینہ ٹائون کے علاقہ میں قصاب محمد علی،شاہد ندیم،شبیر حسین اور جڑانوالہ روڈ پر باقر علی،اختر اور شاہد حسین کو ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے اورمقررکردہ سے زائد قیمت پر گوشت فروخت کرنے کی پاداش میں جرمانہ کیا گیا۔
——————————–
—————————–

گرین بیلٹس کی تزئین وآرائش کے سلسلے میں پودوں کی افزائش کے لئے موسم بہار کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے،ڈی سی او نورالامین مینگل

فیصل آباد (ایچ ایس این)کینال روڈ پرگرین بیلٹس کی تزئین وآرائش کے سلسلے میں پودوں کی افزائش کے لئے موسم بہار کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے اس ضمن میں رواں موسم میں مختلف اقسام کے آرائشی،سایہ داراور دیگر پودوں کی بوائی میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔یہ ہدایت ڈی سی او نورالامین مینگل نے گٹ والا سے عبداللہ پور چوک تک کینال روڈکے دونوں اطراف میں گرین بیلٹس کی تیاریوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ایم ڈی (پی ایچ اے)عاشق ڈوگر،ڈی ایم ڈی واسا چوہدری شوکت اوردیگرافسران بھی اس موقع پر موجودتھے۔ڈی سی او نے کہا کہ کینال روڈ پر چارحصوں میں تقسیم کی گئی ساندل بار،پکی ماڑی،لائل پوراورفیصل آباد انکلیوز کی باقاعدہ تھیم کے تحت تزئین وترقی کے لئے منصوبہ بندی کے مطابق مجوزہ پودوں کافوری بندوبست کریں جن کی اس موافق موسم میں تیزرفتاری سے ترتیب واربوائی مکمل کی جائے۔انہوں نے صنعتی وکاروباری تنظیموں کی طرف سے کینال روڈکے بعض حصوں کی گرین بیلٹس کی تزئین وترقی کی ذمہ داریوں میں پی ایچ اے کے افسران کو بھرپور معاونت کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ان منصوبوں کے لئے زمین کی تیاری میں مزید مشینری اورافرادی قوت میں اضافہ کریں۔
——————————–
—————————–