کراچی کی خبریں سلیم عارف سے 30/8/2016

Karachi

Karachi

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس شہزاد پرویز بھٹی نے ندیم الرحمن میمن کی جگہ ڈائریکٹر اسپورٹس کا چارج سنبھال لیا ہے۔ ندیم الرحمن نے ڈپٹی کمشنر عمر کوٹ تعینات ہونے کے بعد اس عہدے کا چارج چھوڑا تھا۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ شہزاد پرویز بھٹی اس سے قبل تین مرتبہ ڈائریکٹر اسپورٹس رہ چکے ہیں انہوں نے اپنی تقرری کے دوران کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کو سندھ بھر میں فروغ دیا خصوصی طور پر سندھ کے روائتی کھیلوں ملاکھڑا’ ونج وٹی’ کوڈی کوڈی’گدھا گاڑی ریس اور بیل گاڑی ریس کے فروغ میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا۔ دریں اثناء شہزاد پرویز بھٹی کے ڈائریکٹر اسپورٹس مقرر ہونے پر ون ویل سائیکلنگ کے چیف کوچ ملنگ بلوچ’سندھ جوڈو ایسو سی ایشن کے سیکریٹری محمد رفیق’ ڈسٹرکٹ فٹبال ایسو سی ایشن کے سیکریٹری سلیم پٹنی’ کراچی ویٹ لفٹنگ کے سیکریٹری محمد راشد’ کراچی یونائیٹڈ فٹبال اکیڈمیز کے چیف کوچ ارشد جمال اور کورنگی جیمخانہ کے سیکریٹری محمد وسیم عارف نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ ایسو سی ایشنز اور کلبس کے ساتھ مل کر تمام کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے بھرپور تعاون کریں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سندھ اسپورٹس بورڈ ضلع ملیر جشن آزادی ملاکھڑا ٹورنامنٹ2016ء میں معروف پہلوان رجب علی باریجو نے ایک سخت مقابلے کے بعد دادن میر کو شکست دے کر پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا۔ضلع ملیر میں ہونے والے ان مقابلوں کو تماشائیوں کی ایک کثیر تعداد نے دیکھا اور مقابلوں کی تالیوں کی گونج میں حوصلہ افزائی کی۔ دوسری پوزیشن کا مقابلہ عبدالرزاق لاسی نے عبدالجبار خاصخیلی گلدستہ کو ہراکر جیت لیا جبکہ تیسری پوزیشن کا مقابلہ شیر خان اور گلاب چانڈیو کے درمیان ہوا جسے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد شیر خان نے جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بعد ازاں مہمان خصوصی لال محمد بھنبھرو نے عزیز اللہ مری کے ہمراہ فاتح کھلاڑیوں میں ٹرافی اور نقد انعامات تقسیم کئے۔آرگنائزر پہلوان بہرام خاصخیلی اور نائب آرگنائزر عبدالغفور مینگل نے ملاکھڑا کے فروغ کے لئے بھرپور تعاون کرنے پر سیکریٹری اسپورٹس محمد راشد اور کنسلٹنٹ سندھ اسپورٹس بورڈ رازق حسین ربانی کا شکریہ ادا کیا۔