سلیم ملک پر پابندی، پی سی بی نے آئی سی سی سے مشورہ مانگ لیا

Salim Malik

Salim Malik

لاہور (جیوڈیسک) بورڈ نے یہ قدم سلیم ملک کی جانب سے تاحیات پابندی ہٹائے جانے کی استدعا کے ردعمل میں اٹھایا ہے۔ سلیم ملک پر میچ فکسنگ کے الزام میں 2000 میں زندگی بھر کے لیے پابندی لگا دی گئی تھی۔

اس نے رواں برس اپریل میں پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی سے رابطہ کیا اور یہ دعویٰ کیا تھا کہ ایک ذیلی عدالت نے 2008 میں اس پر عائد پابندی کو غیر قانونی قرار دے دیا تھا۔

پی سی بی نے سلیم ملک اور نجم سیٹھی کے درمیان ملاقات کے تناظر میں ہی آئی سی سی سے رابطہ کیا ہے۔ بورڈ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ آئی سی سی سے کہا ہے کہ وہ ملک کی جانب سے فراہم کردہ دستاویزات پر غور کرے اور ہماری رہنمائی کرے کہ اس معاملے میں کیا کیا جا سکتا ہے۔

سلیم ملک 103 ٹیسٹ میچز اور 283 انٹرنیشنل وَن ڈیز کھیل چکے ہیں۔ اس پر 1994-95 کے کراچی ٹیسٹ میں آسٹریلوی کھلاڑیوں شین وارن اور مارک وا کو میچ ہارنے کے لیے رشوت دینے کا الزام تھا۔ وہ تاحیات پابندی کا سامنا کرنے والے پہلے کھلاڑی تھے۔سلیم ملک نے پی سی بی کے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔