ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی فلم ’’ویر ‘‘ کے پروڈیوسر وجے گیلانی نے اداکار کے خلاف 250 کروڑ روپے ہرجانے کا مقدمہ کردیا ہے۔
وجے گیلانی کا موقف ہے کہ سلمان خان کی وجہ سے وہ عدالت میں پیشیاں بھگتنے پر مجبور ہوئے جس کی وجہ سے ان کی کاروباری ساکھ کو نقصان پہنچا۔ دونوں کے بیچ تنازعہ فلم ویر کے لیے ادائیگی کے معاملے پر شروع ہوا تھا۔
وجے گیلانی کا موقف ہے کہ سلمان نے ان سے اس فلم کو پروڈیوس کرنے کی درخواست کی جسے انھوں نے قبول کیا اور سلمان کو فلم میں کام کا معاوضہ دس کروڑ روپے دیا جب کہ اس وقت سلمان7-8کروڑ روپے معاوضہ لیتے تھے۔ دونوں کے بیچ یہ بھی طے پایا کہ اگر فلم ہٹ ہوئی تو پہلے پندرہ کروڑسلمان خان کو ملیں گے۔ اس حوالے سے دونوں میں تحریری معاہدہ بھی ہوا۔
بدقسمتی سے فلم فلاپ ہوئی جس کے بعد سلمان خان نے انھیں ایک نوٹس بھیجا۔ وجے یہ معاملہ سینما اور ٹی اداکاروں کی ایسوسی ایشن میں لے گئے جہاں سے ان کے حق میں فیصلہ آیا۔ وجے کا کہنا ہے عدالت ان کے حق میں فیصلہ دے چکی ہے تاہم سلمان کی جانب سے انھیں ہراساں کیا جارہا ہے اور بے بنیاد کیسز میں الجھا کے ان کا وقت اور سرمایہ برباد کیا جارہا ہے، جس وجہ سے انھوں نے سلمان خان کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔