نئی دہلی (جیوڈیسک) ایک زمانہ تھا جب بالی وڈ میں سلمان خان اور سنجے دت کی دوستی کی مثال دی جاتی تھی۔ یہ دوستی 1991 میں اس وقت شروع ہوئی تھی جب دونوں نے فلم ساجن میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔ لیکن فروری میں جب سے سنجے دت جیل سے رہا ہوئے ہیں تبھی سے دونوں کے درمیان خاموشی چھائی ہوئی ہے۔
ان دونوں کے درمیان کشیدگی کی وجہ تو واضح نہیں لیکن کہا یہ جا رہا ہے کہ جیل سے رہا ہونے کے بعد سلمان نے اپنے مینیجر کو سنجے کے یہاں ملازت دلوائی تاکہ وہ ان کے لیے کام تلاش کر سکے لیکن وہ ناکام رہا جس پر سنجے نے اسے ملازمت سے فارغ کر دیا اور یہ بات سلمان کو پسند نہیں آئی۔
لیکن کچھ لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ سنجے کی بائیو پِک کے لیے سلمان کی سابق گرل فرینڈ قطرینہ کیف کے سابق بوائے فرینڈ کا نام تجویز کیا گیا جو سلمان کو منظور نہیں تھا۔ خیر حقیقت جو بھی ہو اب خبریں یہ ہیں کہ سنجے کی بیگم مانیتا دت اب ان دونوں ناراض دوستوں کو نزدیک لانے کا کام کر رہی ہیں۔ مانیتا چاہتی ہیں کہ سنجے اور سلمان پہلے کی طرح ایک بار پھر اچھےدوست بن جائیں۔
اس بات میں کوئی شک نہیں کہ سلمان بالی وڈ کے بے تاج بادشاہ بن چکے ہیں لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ وہ تنازعات میں گھرے رہتے ہیں۔ اپنے فارم ہاؤس پر ایک پریس کانفرنس کے دوران جب ان سے ان تمام تنازعوں کے بارے میں پوچھا گیا تو سلمان سمجھ گئے کہ اشارہ کس جانب ہے۔ جھٹ سے بول پڑے کہ ’آپ چاہتے ہیں کہ میں آپ کو اگلے دو ہفتوں کا مصالحہ فراہم کردوں کیونکہ میں کہتا کچھ ہوں اور اسے پیش کسی اور انداز میں کیا جاتا ہے اور تو اور اب میری خاموشی کا بھی فائدہ اٹھایا جا رہا ہے‘۔
سلمان شاید سوچ رہے ہیں کہ ایک چپ ستر بلائیں ٹالتی ہیں لیکن بھائی خاموشی سے پہلے جو طوفان آپ اٹھا چکے ہیں اسے ختم بھی تو کریں، ورنہ ایک بار پھر آپ کے پاپا سلیم صفائی دیتے نظر آئیں گے۔ اب کل ہی کی بات ہے سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں نے سلطان فلم میں آپ کو دادا جی کی عمر کا کہا تو آپ کے پاپاجی نے دل پر لے لیا۔ تو بھائی بولنے سے پہلے تول لیا کریں۔
سلمان خان سے یاد آیا کہ قطرینہ کیف آج پورے 33 سال کی ہو گئی ہیں اور سنا ہے کہ وہ اس موقعے پر ایک گرینڈ پارٹی دینے والی ہیں کیونکہ اس بار ان کی دو بہنیں اور والدہ اس وقت ممبئی میں ان کے ساتھ ہیں۔ قطرینہ اپنی پارٹی باندرہ کے اسی گھر میں منا رہی ہیں جہاں وہ کبھی رنبیر کپور کے ساتھ رہا کرتی تھیں۔ اس پارٹی میں بالی وڈ کے کئی بڑے لوگ شامل ہو رہے ہیں جن میں ہدایت کار ایان مکھرجی، علی عباس ظفر، کرن جوہر اور کبیر خان اپنی بیگم کے ساتھ ہوں گے۔
ویسے سلمان خان کا تو پتہ نہیں لیکن ہاں رنبیر کپور کے لیے اس پارٹی میں نو اینٹری ہوگی۔ یہ سوشل میڈیا کی لت بھی عجیب ہے لوگ اپنی زندگی کے اہم اور غیر اہم ہر طرح کے جذبات کا اظہار کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان لمحات کو بھی عام کر دیتے ہیں جو شاید صرف انھیں کی ذات یا زندگی تک محدود ہونے چاہییں۔
اب شاہد کپور کو ہی لے لیجیے۔ شاہد کپور جلد ہی پاپا بننے والے ہیں اور آج کل زیادہ تر وقت اپنی بیگم میرا کے ساتھ گزار رہے ہیں۔ اسی لیے سوشل میڈیا پر بھی کافی سرگرم ہیں اور بیگم کے ساتھ اپنی گرما گرم تصاویر بھی پوسٹ کر رہے ہیں۔ کہیں وہ بیگم کو باہوں میں لیے ہوئے ہیں تو کہیں انھیں بوسہ دے رہے ہیں۔ ایکٹنگ کرتے کرتے شاید وہ بھول گئے ہیں کہ یہ اصل زندگی ہے اور یہ ان کے نجی لمحات ہیں۔