ممبئی (جیوڈیسک) ماضی میں ایک دوسرے کے حریف رہنے والے بالی ووڈ سپر اسٹار آج انتہائی قریب آچکے ہیں جب کہ اس حوالے سے فلمی نگری کے کنگ شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ سلمان خان کے ہوتے ہوئے انہیں سگے بھائی کی بھی ضرورت نہیں ہے۔
بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان اوراداکار سلمان خان ماضی میں ایک دوسرے کے حریف رہے ہیں جس کے باعث دونوں اداکاروں کے تعلقات ہمیشہ سے ہی کشیدہ رہے ہیں جب کہ اب دونوں اداکاروں میں بے مثال دوستی کا رشتہ قائم ہے جس کی وجہ دونوں اداکارایک دوسرے کی فلموں کی تشہیرکرتے رہتے ہیں تاہم اب شاہ رخ خان نے دوستی کے رشتے کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے سلو میاں کو سگا بھائی قراردیا ہے۔
بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مداح کی جانب سے حقیقی زندگی میں سگے بھائی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے دونوں بیٹے میرے دوست بھائی اور سب کچھ ہیں اورپھر بجرنگی بھائی جان کے ہوتے ہوئے سگے بھائی کی ضروت نہیں ہے کیوں کہ وہ ہمیشہ ساتھ ہی ہیں۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان اپنی نئی آنے والی فلم’’دل والے‘‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں جو 18 دسمبرکوریلیزکی جائے گی جب کہ فلم میں اداکارہ کاجول، کیریتی سنون اور ورن دھون مرکزی کردارادا کریں گے۔