نئی دہلی (جیوڈیسک) سابق کپتان انضمام الحق نے اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ کھلاڑیوں سلمان بٹ اور محمد آصف کی قومی ٹیم میں واپسی کی حمایت کردی، ان کا کہنا ہے کہ ان دونوں کھلاڑیوں کو بھی سزا مکمل کرنے کے بعد دوسرا موقع دیا جانا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق سلمان بٹ اور محمد آصف کو ساتھی کھلاڑی محمد عامر کے ساتھ 2010 میں انگلینڈ کیخلاف لارڈز ٹیسٹ میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر انگلینڈ میں جیل کی سزا ہوئی تھی، عامر سزا پوری کرنے کے بعد ڈومیسٹک سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم میں واپس آچکے ہیں جب کہ دیگر دونوں پلیئرز بدستور باہر ہیں۔ ایک انٹرویو میں انضمام الحق نے کہا کہ ایک شخص ایک بار اپنی سزا پوری کرتا ہے تو وہ زندہ رہنے، کھیلنے اور سب کچھ کرنے کا حق رکھتا ہے، میرے خیال میں دوسرے کھلاڑیوں کو بھی واپسی کا موقع ملنا چاہیے۔
انضمام الحق نے گذشہ سال افغانستان ٹیم کے کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور اس وقت وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی تیاریوں کے سلسلے میں نئی دہلی میں ٹیم کے ساتھ مشغول ہیں، انھوں نے بھارت کیخلاف میچ میں محمد عامر کے بولنگ اسپیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ اٹل حقیقت ہے کہ صرف صلاحیت کی بنیاد پر ہی کوئی شخص ایک طویل عرصے بعد اْسی پرانے دم خم کے ساتھ بولنگ کرسکتا ہے، جس طرح انھوں نے بھارت کیخلاف بولنگ کی اس سے یہ نہیں لگتا تھا کہ وہ 5 سال بعد واپسی کررہے ہیں، ان کی بولنگ دیکھنے کے قابل تھی۔
انضمام 8 مارچ سے شروع ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو کمزور ٹیم تصور نہیں کرتے، انھوں نے کہا کہ پاکستانی بیٹنگ کی ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی کے باوجود پاکستان کے پاس ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی کا موقع موجود ہے، یہ ایک غیر یقینی طرزِ کرکٹ ہے اس لیے آپ کسی ٹیم کے بھی امکانات کو رد نہیں کرسکتے۔