ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان نے اپنے قریبی دوست اور مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے مشہور اداکار عامر خان کے ساتھ جھگڑے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ عامر خان ٹھنڈے مزاج کے انسان ہیں۔
بالی ووڈ کے حکمران خانز سلمان خان اور عامر خان آپس میں طویل عرصے سے گہرے دوست ہیں جب کہ گزشتہ کئی روز سے دونوں دوستوں کے درمیان اپنی فلموں کی کہانیوں کے باعث لڑائی کی خبریں میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں جس پر دونوں اداکاروں نے چپ سادھ لی ہوئی تھی تاہم اب دبنگ خان نے ان تمام افواہوں کی تردید کردی ہے۔
بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کا کہنا تھا کہ عامر خان ٹھنڈے مزاج کے انسان ہیں ان کے ساتھ لڑائی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دونوں کی فلموں کی کہانیاں ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہیں جب کہ عامر خان کی فلم ’’دنگل‘‘ باپ اور 2 بیٹیوں کی سچی کہانی ہے تاہم میری فلم ’’سلطان‘‘ رومانوی فلم ہے جو کھیلوں سے متعلق ہے اسی لیے دونوں فلموں میں موازنہ بھی سراسر غلط ہے۔