ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی اداکار سلمان خان نے پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کو اپنی فلم ’نوٹ بک‘ کیلئے گانے سے روک دیا۔
مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں غاصب بھارتی فوج پر کارخود کش حملے کے بعد ہندو انتہا پسند منظم انداز میں پاکستان مخالف نفرت کو ہوا دے رہے ہیں جب کہ بھارتی حکومت بھی بغیر تحقیقات کے پاکستان پر الزام تراشی پر اتر آئی ہے۔
پاکستان سے تجارت منسوخ کرنے اور فلم انڈسٹری میں پاکستان اداکاروں، گلوکاروں اور ٹیکنیشنز کے کام کرنے پر پابندی عائد کردی ہے اور اس کے بعد اب پاکستانی گلوکاروں سے طے شدہ معاہدے بھی ختم کیے جا رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ اداکار سلمان خان کے پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے بننے والی فلم ’نوٹ بک‘ کیلئے عاطف اسلم گانا گانے والے تھے لیکن اب انہیں گانے سے روک دیا گیا ہے جس کے بعد عاطف اسلم کی جگہ بھارتی گلوکار ارمان ملک گانا گائیں گے ۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سلمان خان نے عاطف اسلم کو اپنی نئی آنے والی فلم ’بھارت‘ کیلئے بھی گانے سے روک دیا ہے۔
یاد رہے کہ سلمان خان کی فلموں میں گانے کیلئے عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان ان کی پہلی پسند ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بھارتی اداکار کی فلموں میں ان کی آوازیں ضرور شامل ہوتی ہیں۔
واضح رہے کہ سابق کرکٹر و ریاستی وزیر نوجوت سنگھ سدھو کو کامیڈی شو ’دی کپل شرما شو‘ سے شو کے پروڈیوسر سلمان خان نے ہی کاسٹ سے علیحدہ کیا تھا۔