ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ اداکار سلمان خان نے اپنے چھوٹے بھائی ارباز خان کے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں سٹے بازی کے اعتراف پر خاموشی توڑ دی۔
گزشتہ دنوں ارباز خان کو بھارتی پولیس نے آئی پی ایل میں سٹے بازی کرنے پر طلب کیا تھا جہاں ان سے کئی گھنٹے تک تفتیش کی گئی تھی جب کہ بالی وڈ اداکار نے سٹے بازی کا اعتراف کیا تھا۔ بھائی کی سٹے بازی کے اعتراف کے بعد سلمان خان کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا اور فلم ریس 3 کی شوٹنگ کے دوران صحافیوں کی جانب سے مسلسل ان سے ارباز کے معاملے پر سوال کیے گئے لیکن انہوں نے خاموشی اختیار کیے رکھی۔ سلمان خان ان دنوں اپنے دبنگ ٹورز پر امریکا گئے ہوئے ہیں تاہم اب انہوں نے ایک ماہ بعد ارباز خان کے معاملے پر لب کشائی کی ہے۔
اپنے انٹرویو میں دبنگ خان کا کہنا تھا کہ میں نے سیکھا ہے کہ ٹاپ پر رہنے کے لیے جد وجہد کے سوا اور کوئی راستہ نہیں ہے کیوں کہ چند پرانے بدقسمت واقعات کا سامنا کرنے کے لیے بھی لڑنا پڑتا ہے، خاص طور پر جب آپ کے سامنے بہت مشکل حالات ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف میرے لیے نہیں بلکہ سب ہی اداکاروں کو ایسی صورتحال کا سامنا ہے، چاہے ہم زندگی میں جتنے بھی مشکل وقت کا سامنا کررہے ہوں لیکن ہمیں فلم کی تشہیر کے لیے لازمی جانا پڑتا ہے۔ سلو میاں کا کہنا تھا کہ ہمارا کام بہت مشکل ہے کیوں کہ دل رو رہا ہو تو ہنسنا پڑتا ہے اوردل کتنا بھی روئے شوٹنگ تو کرنی ہوتی ہے لیکن ہم اپنے دکھ چھپاتے ہیں تو دوسرے ہمیں بے حس سمجھتے ہیں۔
یاد رہے کہ ارباز خان پر آئی پی ایل میں 2 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے ہارنے کا الزام ہے جس کا اعتراف انہوں نے تفتیش کے دوران کیا تھا۔