ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی نئی آنے والی فلم کک کے ٹریلر نے چند ہی گھنٹوں میں انٹرنیٹ پر تہلکہ مچا دیا ہے۔ سلمان خان کی نئی آنے والی فلم کک کے ٹریلر کو صرف 24 گھنٹوں میں انٹر نیٹ پر 2 کروڑ 15 لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔
فلم کے ہدایت کار ساجد ناڈیہ والہ کا کہنا ہے کہ ہر ہدایت کار اپنی فلم کے فائنل ٹریلر سے پہلے کچھ مناظر منتخب کرتا ہے، ہم نے عید کے موقع پر سلمان خان کی فلم کک کی ریلیز سے قبل شائقین کی مکمل توجہ حاصل کرنے کے لئے اس طرح کا ٹریلرجاری کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم کک کے ٹریلر کو صرف انٹر نیٹ پر 24 گھنٹوں میں 2 کروڑ 15 لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں جب کہ 32 ہزار سے زائد لوگ اسے لائک کر چکے ہیں۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان خان نے فلم کے ہدایت کار ساجد ناڈیہ والہ سے ٹریلر میں انھیں تقریبا ایک منٹ بعد دکھائے جانے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ایک متبادل ٹریلر جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس میں ان کی ٹریلر کے آغاز میں ہی دبنگ انٹری ہو۔ سلمان خان کے مطالبے پر فلم کا دوسرا ٹریلر جاری کیا گیا۔