ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے دبنگ خان کی ہر فلم ریلیز ہونے سے قبل ہی اس کی کمائی کے بارے میں پیش گوئیاں شروع ہوجاتی ہیں لیکن خود سلمان خان کے لیے ایسی باتیں احمقانہ ہیں۔
بھارتی اخبارکو دیئے گئے ایک انٹرویو میں سلمان خان نے کہا کہ کسی بھی فلم کی کمائی سے متعلق اندازے لگانا احمقانہ ہیں کیونکہ عام طور پر لوگ کسی بھی اداکار کی ایک فلم کے کاروبار کا موازنہ اگلی فلم سے کرتے ہیں جو کہ ان کی نظرمیں فضول ہے۔ ان کی فلم ’’جے ہو‘‘ کو نسبتاً ناکام کہا جاتا ہے حالانکہ اس فلم کا ایک اوسط ٹکٹ 150 روپے کا تھا اور اس نے 138 کروڑ کا بزنس کیا تھا جو کہ کسی طور بھی کم نہیں تھا۔
سلمان خان کا کہنا تھا کہ فلم کی کامیابی یا ناکامی کا دارو مدار ناظرین پر ہوتا ہے لیکن لوگ کاروباری لحاظ سے کسی بھی اداکارکی دو فلموں کا موازنہ کرکے ہٹ اور فلاپ ہونے کا موازنہ کرتے ہیں۔ سلمان خان کو کسی بھی کاروبار میں نفع نقصان کے اعداد و شمار کی اہمیت سے انکاری نہیں لیکن کچھ معاملات میں پیسے سے زیادہ دیگر باتیں اہمیت رکھتی ہیں۔