ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے دبنگ سلمان خان لیجنڈری اداکار اوم پوری کی آخری خواہش پوری نہ کر سکے۔
لیجنڈری اداکار اوم پوری دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے جس کے باعث فلم نگری کا ایک درخشاں باب ہمیشہ کے لیے بند ہوگیا،لیجنڈری اداکار بھارتی معاشرے کی برائیوں کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کرتے رہے اور ان مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے کئی آرٹ فلموں میں بھی کام کیا۔
اوم پوری انتقال سے قبل بھی بھارتی معاشرے کے سیاہ چہرے سے اپنی اداکاری کے ذریعے پردہ چاک کرنے کی کوششوں میں مصروف رہے اور دلت خواتین کے ساتھ ظلم وستم اور جنسی زیادتی کے واقعات پر مبنی فلم ’’رام بھجن زندہ باد‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے جب کہ فلم کو اگلے ماہ نمائش کے لیے پیش کیا جانا تھا اور اس کی تشہیر کے لیے کل ہی انہوں نے سلمان خان سے ان کے مقبول رئیلٹی شو’’بگ باس‘‘ سیزن 10 میں شرکت کی خواہش کا اظہار کیا جس پر سلو میاں نے فوراً حامی بھرتے ہوئے جلد ہی شو میں بلانے کی یقین دہانی کرائی لیکن زندگی نے لیجنڈری اداکار سے وفا نہ کی۔
دوسری جانب اداکار سلمان خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لیجنڈری اداکار اوم پوری کے ساتھ فلم’’ٹیوب لائٹ‘‘ کے سیٹ کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہرہ آفاق اداکار سے محروم ہوگئے۔
واضح رہے کہ اوم پوری سلمان خان کے ساتھ فلم’’ٹیوب لائٹ‘‘ میں اداکاری کرتے نظر آئیں گے جو کہ ان کی زندگی کی آخری فلم ثابت ہوئی ہے۔