ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے شاہ رخ خان سے باکس آفس پر مقابلہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد انہوں نے 2016 عید کے موقع پر اپنی فلم ’’سلطان‘‘ کی ریلیز کی تاریخ آگے بڑھادی ہے۔
بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان اور سلمان خان کی دوستی وقت کے ساتھ ساتھ گہری ہوتی جارہی ہے جب کہ دونوں اداکار سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے بعد اب کیمرے کی آنکھ کے سامنے بھی ایک دوسرے کی دوستی کا دم بھرتے نظر آتے ہیں تاہم اب دونوں اداکاروں نے باکس آفس پر بھی ایک دوسرے کا مقابلہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کی فلم ’’رئیس‘‘ اور سلمان خان کی فلم ’’سلطان‘‘ آئندہ سال عید کے موقع پرایک ساتھ ریلیز ہونے جارہی تھیں جس کے باعث دونوں اداکاروں کے درمیان درجہ بندی کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا تاہم سلمان خان نے باکس آفس پر شاہ رخ خان کا مقابلہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد انہوں نے اپنی فلم ’’سلطان‘‘ کی ریلیز کی تاریخ بڑھادی ہے اور اب فلم دیوالی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سلمان خان نے اپنے انٹرویو میں بھی باکس آفس پر شاہ رخ خان کی کارکردگی کو خود سے 100 فیصد بہتر قرار دیا تھا۔