چنئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے دبنگ سپراسٹار کو جنوبی ایشیا کی نوجوان نسل میں سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے لیکن کبھی کبھی انہیں شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے اور یہی کچھ ہوا اس وقت جب وہ سری لنکن صدر مہندرا راجا پاکسے کی انتخابی مہم میں حصہ لینے گئے تو بھارت میں ہی ان کے خلاف مظاہرے شروع ہوگئے۔
سلمان خان کی سری لنکا کے موجودہ صدر مہندرا راجا پاکسے کے بیٹے نمل راجاپاکسے سے اچھی دوستی ہے، انہوں نے سری لنکن نژاد اداکارہ جیکولین فرناننڈس کے ہمراہ سلمان خان کو دعوت دی کہ وہ ان کے والد کی انتخابی مہم کا حصہ بنے۔
دونوں اداکار کولمبو گئے اور وہاں انہوں نے مہندر راجا پاکسے کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ سلمان خان کے اس اقدام پر سری لنکا سے ملحق بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو میں ان کے خلاف مظاہرے شروع ہوگئے ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ سلمان خان ایسے شخص کی حمایت کررہے ہیں جو اپنے ملک میں تامل افراد کے قتل عام میں ملوث ہیں۔
واضح رہے کہ سری لنکا میں تامل نسل کے افراد گزشتہ کئی دہائیوں سے آزادی کے لئے لڑ رہے تھے تاہم مہندرا راجا پاکسے کی حکومت نے اس تحریک کو سختی سے دبا دیا۔