ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بھارتی تجزیہ کار کمال آر خان کا کہنا ہے کہ وویک اوبرائے، جان ابراہم اور اریجیت سنگھ سیدھے لڑکے ہیں لیکن سلمان خان نے اس بار غلط آدمی سے پنگا لے لیا ہے۔
بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کی جانب سے بھارتی فلموں کے تجزیہ نگار اور اداکار کمال آر خان المعروف ’کے آر کے‘ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کروایا گیا ہے جس پر کمال آر خان نے دعویٰ کیا ہے کہ سلمان خان کو فلم ’رادھے‘ پر میرے تجزیے نے بہت متاثر کیا اس لیے انہوں نے میرے خلاف مقدمہ درج کروایا۔
دوسری جانب سلمان خان کی ٹیم نے دعویٰ کیا ہے کہ تجزیہ نگار کمال آر خان کے خلاف مقدمہ فلم ’رادھے‘ کے تجزیے پر نہیں کیا گیا بلکہ انہوں نے اپنی متعدد ٹوئٹس میں سلمان خان کی این جی او ’بینگ ہیومن‘ پر بے بنیاد الزامات عائد کرنے کے ساتھ ساتھ سلمان خان پر بھی کرپشن کے الزامات عائد کیے ہیں۔
اس سے قبل کے آر کے نے متعدد ٹوئٹس میں سلمان خان سے مقدمہ واپس لینے کی اپیل کی اس دوران انہوں نے سلمان خان سے جان چھڑانے کے لیے ان کے والد سلیم خان سے بھی متعدد مانگی اور یہ وعدہ کیا کہ وہ آج کے بعد سلمان خان کی کسی فلم پر اپنا تجزیہ پیش نہیں کریں گے تاہم اپنی کوشش میں ناکامی کے بعد انہوں نے پینترا بدل دیا اور اب وہ دھمکیوں پر اتر آئے ہیں۔
کے آر کے نے اپنی حالیہ ٹوئٹ میں سلمان خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’وویک اوبرائے، جان ابراہم یا پھر گلوکار اریجیت سنگھ بیچارے سیدھے لڑکے ہیں، لیکن اس بار تم نے غلط آدمی سے پنگا لے لیا ہے۔
واضح رہے اداکار وویک اوبرائے نے کیریئر کے آغاز میں اداکارہ ایشوریا رائے کے لیے سلمان خان سے پنگا لے لیا تھا جس کے باعث ان کا فلمی کیریئر شدید متاثر ہوا جس کا اعتراف وہ خود متعدد انٹریوز میں کر چکے ہیں۔