سعودی عرب (جیوڈیسک) خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے وزارت لیبر وسماجی بہبود کو ہدیات کی ہے کہ وہ مملکت میں تعمیرو ترقی میں حصہ لینے والے ملکی اورغیرملکی مزدوروں کے حقوق کو یقینی بنائیں اور کسی بھی حادثے کے نتیجے میں متاثر ہونے والے مزدوروں کے علاج معالجے اور دیگر ضروریات کےلیے اس کی مدد کریں۔
سعودی عرب کے وزیر برائے لیبر وسماجی بہبود ڈاکٹر مفرج بن سعد الحقبانی نے ایک بیان میں بتایا کہ شاہ سلمان نے سختی سے مزدوروں کے حقوق کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ شاہ سلمان کا کہنا ہے کہ پبلک سیکٹر اور دوسرے شعبوں میں کام کرنے والے متاثرہ مزدوروں کو ان کے علاج میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ انہیں ہرممکن سہولت مہیا کی جائے۔
سعودی وزیر ڈاکٹر الحقبانی نے کہا کہ مملکت میں پہلے ہی مزدروں کے حقوق کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ سول سیکٹر یا سرکاری اداروں میں کام کرنے والے شہریوں کی دیکھ بحال کی جاتی ہے۔ اس کے باوجود شاہ سلمان نے مزدوروں کے حقوق کو ہرحال میں یقینی بنانے اور مزدور اور مالک کے درمیان تعلقات کے توازن کو یقینی بنانے کی ہدایت دے کر اپنی مزدور نوازی کا مظاہرہ کیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر الحقبانی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں لیبر قوانین اور اس کے نفاذ کا پورا نظام مزدوروں کے حقوق کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سعودی عرب میں کسی بھی شعبے میں کام کرنے والی لیبر کو اس کے بنیادی حقوق فورا فراہم کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غیرسرکاری فرموں کو بھی اس بات کا پابند بنایا جاتا ہے کہ وہ لیبر کے حقوق کا خاص خیال رکھیں۔ انہیں کام کے دوران زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کریں۔
صاف پانی، مناسب خوراک، رہائش اور بہ وقت ضرورت علاج اہتمام کیا جائے۔ اس کے باوجود اگر کہیں بھی مزدوروں کے ساتھ بدسلوکی کےکسی واقعے کا پتا چلا تو متعلقہ کمپنی یا شخص کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پرائیویٹ کمپنیوں کو مزدوروں کے حقوق کے حوالے سے طے کیے گئے قواعد کا احترام کرنا ہوگا اور معاہدوں کی ہرصورت میں پاسداری کرنا ہوگی۔