الریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عبدالھادی بن احمد بن عبدالوھاب المنصوری کو شہری ہوابازی کی جنرل اتھارٹی کا سربراہ مقرر کیا ہے۔ شاہی فرمان کے مطابق عبدالھادی بن احمد کا عہدہ وزیر کے مساوی ہو گا۔
محکمہ شہری ہوابازی کے سربراہ مقرر کئے جانے سے پہلے عبدالھادی بن احمد مواصلات کے وزیر مملکت کے طور پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ انھوں نے شاہ عبدالعزیز یونیورسٹی سے کمپیوٹر سائنس میں گریجویشن اور ہیومن ریسورس کے ایگزیکٹیو پروگرام میں ماسٹرز ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔
ماضی میں وہ وزارت صحت برائے ہیومن ریسورس میں انڈر سیکرٹری اور مشیر برائے وزارت صنعت، توانائی، معدنی دولت اور ڈائریکٹر ہیومن ریسوس کے طور پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
اس سے پہلے انھوں نے سعودی عرب کی فلیگ شپ پٹرولیم کمپنی ’’آرامکو‘‘ اور شاہ عبداللہ سینٹر فار پٹرولیم اسٹڈیز اینڈ ریسرچ میں متعدد اہم عہدوں پر کام کیا ہے۔