ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ میں اپنے کردارمیں ڈھل جانے کے حوالے سے شہرت رکھنے والے اداکار عامر خان کا کہنا ہےکہ سلمان کی فلم ’’سلطان‘‘ کا بڑی بے صبری سے انتظار ہے کیوں کہ اس کی فلموں سے سب ہی لطف اندوز ہوتے ہیں۔
بالی ووڈ کے صف اول کے اداکار عامرخان اور سلمان خان نے 1994 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’انداز اپنا اپنا ‘‘ میں ایک ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جس کے بعد دونوں اداکاروں نے اب تک کوئی فلم نہیں کی ہے جب کہ دونوں اداکاروں میں اچھی دوستی بھی ہے لیکن گزشتہ دنوں فلموں کے حوالے سے دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں آئیں تھیں جس کی پہلی بار مسٹر پرفیکشنسٹ نے تردید کردی ہے۔
بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کا اپنے انٹرویو میں کہنا تھا کہ فلم ’’اڑتاپنجاب‘‘ سے متعلق ممبئی ہائی کورٹ کا فیصلہ بالکل درست ہے کیوں کہ فنکار کی آواز کو کسی صور ت دبایا نہیں جا سکتا ہے جب کہ فلم کل نمائش کے لیے بھی پیش کردی جائے گی جس کا بڑی بے تابی سے انتظار ہے تاہم فنکاروں پربھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ معاشرے کو ایسی چیزیں نہ دکھائیں جس سے منفی اثر پڑتا ہے۔
سلمان خان کے ساتھ فلم میں کام کرنے کے حوالے سے عامر خان کا کہنا تھا کہ فلم ’’انداز اپنا اپنا‘‘ کے سیکوئل میں سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہوں جب کہ امید ہے کہ سلمان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ضرور ملے گا جس کے لیے اچھے اسکرپٹ اور بہترین فلم کا انتظار ہے جس میں دونوں ساتھ کام کرنے کی حامی بھرلیں گے۔
اپنی فلم ’’دنگل‘‘ اور سلمان خان کی فلم ’’سلطان‘‘ سے متعلق بالی ووڈ اسٹار کا کہنا تھا کہ سلمان خان کی فلم ’’سلطان‘‘جولائی میں ریلیز کی جائے گی جس کا بڑی بے صبری سے انتظار ہے کیوں کہ سلمان کی فلموں سے سب لطف اندوز ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری اور سلمان کی فلموں کی کہانی مختلف ہے اور دونوں فلموں میں پہلوانی کے الگ الگ داؤپیچ دکھائے گئے ہیں اسی لیے فلموں کو ایک ہی طرح کی فلم کہنا غلط ہوگا۔ واضح رہے کہ عامر خان اپنی نئی آنے والی فلم ’’دنگل‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔