سلو میاں کی بہن کی شادی میں شاہ رخ خان بن بلائے ہی پہنچ گئے

Salman And Shahrukh

Salman And Shahrukh

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ میں سلمان خان اور شاہ رخ خان کے درمیان دوستی اور پھر رنجش سے کون واقف نہیں ایک وقت تھا کہ دونوں ایک دوسرے کی شکل تک نہیں دیکھنا چاہتے تھے لیکن اب ان کے تعلقات پر جمی برف تیزی سے پگھل رہی اور اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کنگ خان دعوت نامے کے بغیر ہی سلو میاں کی بہن کی رسم مہندی میں جا پہنچے۔

بالی ووڈ میں اس وقت اگر کوئی خبر ہے تو وہ ہے سلمان خان کی بہن ارپیتا خان کی شادی کی تقریب، جس میں شرکت کے لئے سلمان خان نے بالی ووڈ کے علاوہ کرکٹ کے کھلاڑی اور سیاستدانوں تک کو دعوت دے ڈالی ہے جن میں بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی بھی شامل ہیں، سلمان نے اگر کسی کو دعوت نہیں دی تو وہ تھے شاہ رخ خان۔ اس کے باوجود کنگ خان کے بھی کیا کہنے کہ دعوت کے بغیر ہی ارپیتا کی رسم مہندی اور سنگیت کی تقریب میں جاپہنچے اور ڈھیروں دعائیں دے کر اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

شادی کی تقریب میں شرکت سے شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ ارپیتا خان کو اس نے چھوٹے سے بڑا ہوتے دیکھا ہے وہ صرف سلمان، ارباز اور سہیل خان ہی کی بہن نہیں بلکہ اس کی بھی بہن ہے۔

واضح رہے کہ ارپیتا بے سہارا خاتون کی لڑکی تھی اور والدہ کے چل بسنے کے باعث سلمان خان کے والد سلیم خان نے انہیں گود لیا تھا لیکن خان خاندان میں ان کی حیثیت سب سے چھوٹی بیٹی سی ہے۔