پشاور (جیوڈیسک) طالبان کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے تحریک طالبان پاکستان کی قیادت سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں ڈیڈلاک کے بعد دوبارہ حکومت سے شروع ہونیوالے مذاکرات اور حکومتی مطالبات سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق طالبان نے کہا وہ اپنی شوریٰ کے اجلاس میں ان مطالبات پر غور کے بعد جواب دینگے۔ حکومت سے براہ راست مذاکرات کیلئے مقام اور وقت کے بارے میں بھی تبادلہ خیال ہوا۔
طالبان کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مولانا یوسف شاہ کا کہنا ہے کہ تاحال طالبان قیادت نے ملاقات کیلئے جگہ اور وقت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جیسے ہی وقت و مقام کا تعین ہو جائیگا مذاکراتی کمیٹیاں طے شدہ مقام پر پہنچ جائیں گی۔ طالبان کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹی پی سے رابطوں کا ٹاسک مولانایوسف شاہ کو دیا گیا ہے۔ ایک ہفتے کے بعد دوبارہ مذاکرات ہونگے۔