ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک معروف ترین کمپنی سام سنگ نے مستقبل میں اپنے سمارٹ فون میں انگلیوں کے نشانات پہچاننے والے سینسر کا استعمال ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس ٹیکنالوجی کو دیگر متبادل ٹیکنالوجیز سے تبدیل کر دیا جائیگا جن میں مثال کے طور پر چہرے کی شناخت اور آنکھوں کی پُتلی کی سکیننگ شامل ہے۔
ٹوئٹر پر سام سنگ کمپنی کی خبروں کی کوریج کرنے والے اکاؤنٹ پر دعویٰ کیا گیا ہے کہ جنوبی کوریا کی کمپنی کے ملازمین فنگر پرنٹ سینسر کو ختم کرنے کا معاملہ زیرِ بحث لائے ہیں اس لیے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ دیگر سکیورٹی ٹیکنالوجیز کے مقابلے میں یہ ٹیکنالوجی اب پرانی ہو چکی ہے۔
تاہم ابھی تک سام سنگ کمپنی کی جانب سے فنگر پرنٹ سینسر کے نظام کو ختم کرنے سے متعلق سرکاری طور پر کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔
اس سے قبل جنوبی کوریا کے ایک اخبار نے سام سنگ کمپنی کے ایک ذمے دار کی زبانی یہ بیان شائع کیا تھا کہ “ایس 8 “ماڈل کو فون کے مالک کا چہرہ شناخت کرنے کی سکیورٹی ٹیکنالوجی سے لیس کیا جائیگا اس دوران چہرے سے متعارف ہونے اور فون سیٹ کو کھولنے میں محض 0.01 سیکنڈ درکارہونگے۔