لاہور (جیوڈیسک) اداکارہ ثنا نے کہا ہے کہ فلمسازوں کو اپنے دوست ممالک ایران ، چین اور ترکی کے ساتھ مشترکہ فلمسازی کرنی چاہئے ، ملکی ہنرمند جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہوسکتے ہیں۔
ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ایران ، چین اور ترکی کی فلمی صنعتیں بہت ترقی یافتہ ہیں اور وہ ہمارے ہمسایہ اور دوست ملک ہیں ۔ ایران کی فلمیں اب پوری دنیا میں مقبول ہوچکی ہیں جبکہ انہیں اردو زبان میں ڈب کرکے پاکستانی ٹی وی چینلز سے بھی نشر کیا جا چکا ہے اور ترکی ڈرامے ایک عرصے سے ملکی ٹی وی سکرین پر اپنا سحر جمائے ہوئے ہیں ۔ ہمارے فلمسازوں کو چاہیے کہ وہ ان ملکوں کے ساتھ مل کر پروڈکشن کریں۔
ثنا کا کہنا تھا کہ ترکی کے ساتھ فلمسازی کا آغاز ہوچکا ہے اور مشترکہ فلمسازی کے تحت بننے والی فلم زہرعشق میں مجھے کاسٹ کیا گیا ہے جس کی عکسبندی جاری ہے ۔ میری خواہش ہے کہ ترکی کے ساتھ مزید فلمیں بنیں اور ایرانی و چینی فلمی صنعت سے بھی فائدہ اٹھایا جائے۔