ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) دین اسلام کے خاطر شوبز کی دنیا سے کنارہ کشی کرنے والی ثناء خان نے اپنے چاہنے والوں کو بتایا ہے کہ کیسے ان کی زندگی تبدیل ہوئی۔
ثناء خان روحانیت کے اس سفر کو اپنے چاہنے والوں کے ساتھ بھی شیئر کر رہی ہیں اور وہ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر متعدد ویڈیوز اپ لوڈ کر رہی ہیں۔
اب حال ہی میں انہوں نےا پنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ کس چیز نے ان کی زندگی کو تبدیل کیا ہے۔
ثناء خان نے اپنی ویڈیو کے آغاز میں کہا کہ ’جب سے میں نے اعلان کیا ہے تب سے بہت سارے لوگوں کی جانب سے ایک سوال کیا جا رہا ہے کہ ہم بھی اس چیز پر بہت محنت کر رہے ہیں لیکن اس معاملے میں سست ہوجاتے ہیں اور ہم سے یہ نہیں ہو پاتا تو آپ یہ کیسے کر پاتی ہیں‘؟
انہوں نے کہا کہ ’کرنے والی تو صرف اللہ کی ذات ہے، لیکن ایک دعا ہے جو میں بہت پڑھتی ہوں اور ہر نماز میں دعا کے وقت بھی پڑھتی ہوں، کبھی بھی اٹھتے بیٹھتے چلتے پھرتے پڑھتی ہوں تو میں نے سوچا کہ یہ میں آپ سب لوگوں سے بھی شیئر کروں‘۔
ثناء خان نے اپنے چاہنے والوں کو یہ دعا بتائی ’يَا مُقَلِّبَ القلوب ثبت قلبي عَلَيْ دِينِكَ‘۔
ثناء خان نے کہا کہ ’آپ لوگ یہ دعا جتنا ہو سکے اتنی پڑھیں، کیونکہ اگر ہمیں اپنی زندگی میں کچھ چاہیے ہوتا ہے تو اس کے لیے ہم بہت محنت کرتے ہیں اور ہمیں قربانیاں بھی دیتی پڑتی ہیں تو اگر آپ اللہ سے تعلق بنانا چاہتے ہیں تو آپ بھی اس کے لیے خوب محنت کریں اور قربانیاں دیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’بغیر قربانی کے ہمیں دنیا میں کچھ حاصل نہیں ہوتا، ہمیں اپنے دین کے لیے بھی اتنی ہی محنت کرنی ہے کیونکہ جو دین کے لیے محنت کرے گا وہ دنیا میں کامیاب ہوگا ہی بلکہ آخرت میں بھی کامیاب ہوگا‘۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اداکارہ ثناء خان نے سوشل میڈیا پر شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا اور کہا تھا کہ ’یہ میری زندگی کا سب سے خوشگوار لمحہ ہے، اللہ اس سفر میں میری رہنمائی کرے‘۔