صنعا سے الحدیدہ پہنچنے والے چھ سو پاکستانی انخلا کے منتظر

Pakistani

Pakistani

صنعا (جیوڈیسک) صنعا سے الحدیدہ پہنچنے والے چھ سو پاکستانی وطن واپسی کے منتظر، یمن میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کے اہل خانہ کرب میں مبتلا، حکومت سے پیاروں کی بحفاظت واپسی یقینی بنانے کی اپیل، یمن میں محصور پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے پی آئی اے کی پرواز کراچی سے روانہ ہو گئی۔

طیارہ الحدیدہ ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گا۔ جنگ کا شکار یمن میں ہزاروں پاکستانی محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ چھ سو پاکستانی الحدیدہ میں بے چینی سے وطن واپس پہنچنے کے منتظر ہیں۔

پاکستانی شہریوں کو رات گئے الحدیدہ پہنچنے پرایک سکول میں قیام کروایا گیا ہے۔ اس سے پہلے یمن کے شہر صنعا سے پاکستانیوں کا قافلہ الحدیدہ پہنچا۔ قافلے میں پاکستانی سفیر سمیت بڑی تعداد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

یمن میں پھنسے پاکستانیوں کے اہل خانہ بھی کرب میں مبتلا ہیں اور بے چینی سے اپنے پیاروں کی وطن واپسی کی راہ دیکھ رہے ہیں۔ دوسری طرف پی آئی اے کی پرواز پی کے 7001 کو سعودی ایوی ایشن حکام سے کلئیرنس ملنے کے بعد لینڈنگ کی اجازت مل گئی ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی شجاعت عظیم نے بتایا ہے کہ پہلی پرواز میں 504 افراد کو وطن واپس لایا جائے گا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر پی آئی اے نے 2 جمبو طیاروں کا انتظام کیا ہے۔ شورش زدہ یمن میں پھنسے پاکستانیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

یمن کے شہر عدن میں جاری جنگ میں پاکستانی فیملیز کے لیے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق یمن کے دیگر شہروں میں رہنے والے پاکستانیوں کو بھی حدیدہ پہنچنے کو کہا گیا ہے۔