معبدوں سے نہ صنم خانوں سے خوف آتا ہے
Posted on June 1, 2016 By Mohammad Waseem آپکی شاعری, شاعری
معبدوں سے نہ صنم خانوں سے خوف آتا ہے
ہم کو اِس دور کے اِنسانوں سے خوف آتا ہے
جانے کیوں اشک و تبسم کے گنہگاروں کو
بزمِ تقدیس کے پیمانوں سے خوف آتا ہے
جبر کے شہر میں سہمے ہوئے اِنسانوں کو
حاکمِ وقت کے ارمانوں سے خوف آتا ہے
ایسے طوفانِ جنوں خیز کی آمد ہے کہ اب
سنگ و دشنام کو دیوانوں سے خوف آتا ہے
عمر کے آخری مہرے ہیں بساطِ جاں پر
زندگی اب تو تیرے شانوں سے خوف آتا ہے
ہم کو اِس عہدِ زباں بندی میں اکثر ساحل
واعظِ پاک کے فرمانوں سے خوف آتا ہے
Sad Man
تحریر : ساحل منیر