خرطوم (اصل میڈیا ڈیسک) سوڈان پر دہشت گردی کی پشت پناہی کے الزام میں عاید کردہ پابندیوں کے ہٹائے جانے کے بعد آج منگل کو ایک سینیر امریکی فوجی عہدیدار خرطوم پہنچ رہا ہے۔ پابندیاں اٹھنے کے بعد یہ کسی امریکی عہدیدار کا پہلا دورہ سوڈان ہے۔
سوڈانی نیوز ایجنسی ‘سونا’ نے بتایا کہ سول ملٹری رابطہ امور کے لیے افریقا میں امریکی فوجی کمانڈ کے ڈپٹی کمانڈر سفیر اینڈریو ینگ دو روزہ دورے پر منگل کو خرطوم پہنچیں گے۔
سونا نے مزید کہا کہ ینگ سلامتی اور دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے اور سوڈان اور خطے میں پائیدار امن کو مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
امریکی عہدیدار سوڈانی خود مُختاری کونسل کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح البرہان ، وزیر اعظم عبد اللہ حمدوک کے علاوہ وزیر دفاع اور چیف آف آرمی آف سے ملاقات کریں گے۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ اکتوبر میں اعلان کیا تھا کہ سوڈان کو دہشت گردی کی فہرست سے ہٹا دیا جائے گا۔ اس وقت سوڈان نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے معاہدے پر دستخط کا فیصلہ کیا تھا۔
گذشتہ دسمبر میں واشنگٹن نے خرطوم کو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والی ریاستوں کی فہرست سےخارج کردیا تھا۔ خرطوم پر یہ پابندیاں 1993 میں القاعدہ کی سربراہی میں قائم شدت پسند تنظیموں کے ساتھ تعلقات کی وجہ سے عاید کی گئی تھیں۔پابندیوں کی ایک وجہ اسامہ بن لادن کی میزبانی تھی۔ بن لادن 1992ء سے 1996ء تک سوڈان میں پناہ گزین رہے۔